وزارت تجارت اور خارجہ پاکستان، یورپی یونین شراکت داری کو مزید مستحکم بنائیں، وزیراعظم

مضبوط تعلقات سے پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک زیادہ رسائی حاصل ہو گی، جی ایس پی پلس سے پاکستان کے تجارتی حجم میں 2013سے 38.55فیصد اضافہ ہوا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جی ایس پی پلس کے جائزہ اجلاس میں گفتگو

منگل 17 اکتوبر 2017 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزارت تجارت اور وزارت خارجہ پاکستان، یورپی یونین شراکت داری کو مزید مستحکم بنائیں، مضبوط تعلقات سے پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک زیادہ رسائی حاصل ہو گی، جی ایس پی پلس سے پاکستان کے تجارتی حجم میں 2013سے 38.55فیصد اضافہ ہوا ہے۔

منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت جی ایس پی پلس کے اثرات کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پاکستان یورپی یونین تجارتی شراکت داری مزید مستحکم کرنے اور پاکستانی مصنوعات کی بڑی منڈیوں تک رسائی کو تحفظ دینے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جی ایس پی پلس سے پاکستان کے تجارتی حجم میں 2013سے 38.55فیصد اضافہ ہوا ہے، جی ایس پی پلس سہولت سے پاکستانی مصنوعات کیلئے ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوئی، اضافی 66فیصد مصنوعات کو یورپی یونین کے ٹیرف سے فائدہ ہوا، اجلاس میں سہولت کے دوسرے سالانہ جائزے کی تیاریاں کا جائزہ لیا گیا، سہولت کا دوسرا اجلاس آئندہ سال جنوری میں ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے تمام متعلقہ فریقوں اور وزارتوں کو مسال کے حل کیلئے مل کر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت تجارت اور وزارت خارجہ پاکستان، یورپی یونین شراکت داری کو مزید مستحکم بنائیں، مضبوط تعلقات سے پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک زیادہ رسائی حاصل ہو گی۔