بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ظلم و تشدد ،خواتین کی بے حرمتی اور چوٹیاں کاٹنے کا سلسلہ بند کرے، فائز ہ احسن چودھری

بال کاٹنے کے واقعات شرمناک اور گہری سازش ہے، خواتین کی تذلیل کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، اقوام متحدہ فی الفور مداخلت کرے ، رکن آزاد کشمیر اسمبلی

منگل 17 اکتوبر 2017 18:01

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی رکن اسمبلی فائزہ احسن چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ظلم و تشدد ،خواتین کی بے حرمتی اور چوٹیاں کاٹنے کا سلسلہ بند کرے، بال کاٹنے کے واقعات شرمناک اور گہری سازش ہے، خواتین کی تذلیل کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، اقوام متحدہ فی الفور مداخلت کرے اور خطہ میں دیرپا امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل کروائے۔

گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فائزہ احسن چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا اندھا استعمال کررکھا ہے ، معصوم کشمیری عوام کے قتل عام کیساتھ ساتھ خواتین کی بے حرمتی اور گیسو تراشی کے واقعات بھارتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں، بھارت کشمیریو ں کی مقدس تحریک کو طاقت کے ذریعے کچلنا چاہتا ہے مگر کشمیریوں نے بھارت کے ہر مکروہ عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج اور اُس کی خفیہ ایجنسیاں خواتین کی بے حرمتی اور چوٹیاں کاٹنے کا سلسلہ شروع کیئے ہوئے ہیں جو ناقابل معافی جرم ہیں اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے ،اس پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی پر سوالیہ نشان بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر ظلم و تشدد بھارتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، مسئلہ کشمیر حل کیئے بغیر خطہ میں دیر پا امن ممکن نہیں، کشمیری اپنے مسلمہ پیدائشی حق حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔