پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پرائیویٹ ممبر ڈے پر گریڈ 5تا 15،گریڈ 16تا 17کے سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن ،کھاد میں سبسڈی کو برقرار رکھنے اور چاول کی ایکسپورٹ میں اضافے کیلئے بیرون ملک پاکستانی سفارت کاروں خصوصی ٹارگٹ دینے کی تین قراردادیں متفقہ طور پر منظور

احمد خان بھچر کی ملتوی اور نگہت شیخ کی قرارداد نمٹا دی گئی ‘اپوزیشن کا پنجاب پولیس کے اراکین اسمبلی کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف ٹوکن بائیکاٹ‘ختم نبوت قانون میں تبدیلی اور رانا ثنا ء اللہ کا قادیانیوں کے حوالے سے بیان پر اپوزیشن اور حکومتی اراکین وزیر قانون کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ختم نبوت کا مسئلہ حل ہو چکا ہے جبکہ قادیانیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور نہ وہ مسلمان ہیں‘صوبائی وزیر قانون کی پنجاب اسمبلی میں وضاحت

منگل 17 اکتوبر 2017 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پرائیویٹ ممبر ڈے پر گریڈ 5تا 15،گریڈ 16تا 17کے سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن ،کھاد میں سبسڈی کو برقرار رکھنے اور چاول کی ایکسپورٹ میں اضافے کیلئے بیرون ملک پاکستانی سفارت کاروں خصوصی ٹارگٹ دینے کی تین قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئی جبکہ احمد خان بھچر کی ملتوی اور نگہت شیخ کی قرارداد نمٹا دی گئی‘اپوزیشن کا پنجاب پولیس کے اراکین اسمبلی کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف ٹوکن بائیکاٹ‘ختم نبوت قانون میں تبدیلی اور رانا ثنا ء اللہ کا قادیانیوں کے حوالے سے بیان پر اپوزیشن اور حکومتی اراکین وزیر قانون کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے‘رانا ثنا ء اللہ نے کہا ختم نبوت کا مسئلہ حل ہو چکا ہے جبکہ قادیانیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور نہ وہ مسلمان ہیںپنجاب اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ اوقاف و مذہبی امور اور آبپاشی کے سوالات کے جواب تھے محکمہ اوقاف کے جواب پالریمانی سیکرٹری ثقلین سپرا نے دیے جبکہ وزیر آبپاشی کی عدم موجودگی پر سپیکر نے سوال جمعے تک ملتوی کردیے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کا اجلاس معمول کے مطابق ایک گھنٹہ پانچ منٹ تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت شروع ہوا۔وقفہ سوالات کے دوران پی ٹی آئی کی رکن راحیلہ انور نے کہا اوقاف کی زمینوں پر قبضہ کرنا سب سے آسان کام ہے حکومتی لوگ خود ہی لیز پر لتے ہیں اور خود ہی قبضہ کر لتے ہیں۔بعض با اثر افراد نے بھی محکمے کی زمینوں پر قبضہ کیا ہوا ہے ۔

انہوں نے اپنے ڈیرے بنائے ہوئے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے کہا خاتون ممبر ثبوت کے ساتھ بات کریں اگر محکمے کی جگہ پر کسی نے بھی قبضہ کیا ہے تو اس کے خلاف کاروائی ہو گی اور جگہ واگزار کرائی جائے گی۔اپوزیشن لیڈر نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا ٹھوکر نیازبیگ پر دھرنہ دینے والے کسان شہباز شریف کے شوگر ملز کے ستائے ہو ئے ہیں۔کسان پیکج صرف پروپیگنڈہ تھا اس میں کسانوں کو کچھ نہیں ملا ہے۔

یہ شوگر ملز عدالت کے حکم پر بند کی گئی ہیں ان کی غیر قانونی لوکیشن تھیں۔شہباز شریف نے سپریم کورٹ تک اپیلیں کی لیکن ہر جگہ سے ان کی اپیلیں خارج ہوئی ہیں۔حکومتی رکن سبطین رضا نے کہا یہ جہانگیر ترین کی ملوں کے کسان احتجاج کررہے ہیں ۔عمران خان کی اے ٹی ایمز زیادہ دیر تک قوم کو بیوقوف نہیںبنا سکتی۔بعد ازراں پی ٹی آئی کے رکن آصف محمودنے کہا میرے حلقے میں کہا جا رہا ہے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔

جبکہ مجھ سے ہارے ہوئے لیگی رہنما نے پورے حلقے میں جتنے بھی تریقاتی کام ہو ئے ہیں ان پر اپنے نام کی تختیاں لگائی ہیں جن پر ایم پی اے لکھا ہوا ہے سپیکر صاحب اس کا نوٹس لیں ایک ہارا ہواشخص اپنے نام کے ساتھ ایم پی اے کیسے لکھ سکتا ہے۔سپیکر نے اس کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔