سٹی پولیس کی نااہلی کے باعث ہری پور شہر میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں زور پکڑ گئیں

منگل 17 اکتوبر 2017 21:14

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) سٹی پولیس کی غفلت اور نااہلی کے باعث ہری پور شہر میں چوری، ڈکیتی، راہزنی اور کار لفٹنگ کی وارداتیں زور پکڑ گئیں، پے در پے وارداتوں کے بعد عوام میں شدید سخت خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس اپنے فرائض ادا کرنے کی بجائے نجی محفلوں تک محدود ہو کر رہ گئی، اہلیان علاقہ نے پولیس کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے، پولیس ضلع ہری پور میں امن وامان کے قیام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث ہری پور شہر میں قتل، ڈکیتی، چوری، راہزنی اور کار لفٹنگ کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، پولیس ہری پور شہر کو چوروں اور جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ کر خود نجی محفلوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایک ماہ میں ہری پور شہر کی چار گاڑیاں اور راہزنی سمیت کار لفٹنگ کی متعدد وارداتوں کے باعث اہلیان علاقہ نے پولیس کی کارکردگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد پولیس کی غفلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آئے روز وارداتیں کر رہے ہیں، عوامی و سماجی حلقوں نے تھانہ سٹی پولیس کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہری پور شہر میں جرائم پیشہ افراد کی وارداتوں میں اضافہ پولیس حکام کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔

ڈی آئی جی ہزارہ نوٹس لیکر ضلع ہری پور میں پولیس کا عوام پر اعتماد بحال کروائیں اور حکومتی رٹ کو نافذ کر کے جرائم پیشہ افراد سے معاشرہ کو پاک کریں۔

متعلقہ عنوان :