امریکی عدالت نے سفری پابندی کے صدارتی حکم نامے کو معطل کردیا

مسلم ایسوسی ایشن کی درخواست پر وفاقی عدالت نے ٹرمپ کے فرمان پر حکم امتناع جاری کردیا

بدھ 18 اکتوبر 2017 12:32

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) امریکا کی وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سفری پابندی کے حکم نامے کو معطل کردیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست ہوائی میں مسلم ایسوسی ایشن آف ہوائی اور دیگر افراد کی جانب سے دائر درخواست پر وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی6 ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پرپابندی پر حکم امتناع جاری کیا۔

عدالت کی جانب سے یہ حکم امتناع سفری پابندی کے دوبارہ نافذالعمل ہونیسے ایک دن قبل جاری کیا گیا ہے۔امریکی صدر نے سفری پابندی والے ممالک کی فہرست میں توسیع کرتے ہوئے اسلامی ممالک ایران،شام،لیبیا،یمن،صومالیہ کے بعد چاڈ،شمالی کوریا اور وینزویلا کو شامل کیا تھا۔وفاقی عدالت کے جج واٹسن کا عارضی حکم امتناعی چاڈ،لیبیا،ایران،صومالیہ ،شام اور یمن کے شہریوں سے متعلق ہے جب کہ شمالی کوریا اور وینز ویلا کے شہریوں پر اس حکم کا اطلاق نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے پابندی لگانے سے قبل ضروری تفصیلات کو مدنظر نہیں رکھا گیا اور ایسا کرنا 6 ممالک کے 15کروڑ افراد سے متعلق معاملہ خود امریکی مفاد میں نہیں ہوسکتا۔واضح رہے کہ رواں سال فروری میں ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت سنبھالتے ہی بعض مسلم ممالک پر امریکا کا سفر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔اس فہرست میں ایران ،لیبیا، شام، یمن اور صومالیہ تھے لیکن بعد میں ان ممالک کی تعداد میں مزید اضافہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :