منی بجٹ ناقابل قبول ، اسحاق ڈار کی ناکام معاشی پالیسیوں کی سزا کروڑوں عوام کو مل رہی ہے‘ میاں محمود الرشید

بدھ 18 اکتوبر 2017 14:18

منی بجٹ ناقابل قبول ، اسحاق ڈار کی ناکام معاشی پالیسیوں کی سزا کروڑوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کے نام پر عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا،اسحاق ڈار کی ناکام معاشی پالیسیوں کی سزا کروڑوں عوام کو مل رہی ہے،ہم اس منی بجٹ کہ بھرپور مزمت کرتے ہیں اور یہ منی بجٹ قابل قبول نہیں ہے۔پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کی وجہ سے ٹوتھ پیسٹ، گوشت وغیرہ کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا،دوکاندار اور تاجر دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹیں گے۔

(جاری ہے)

کٹھ پتلی وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ ایک ملزم وزیر خزانہ کو بر طرف کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ سڑک کنارے خاتون کا بچی کو جنم دینا افسوسناک ہے ، اس واقعہ سے گڈ گورنس کا پول کھل گیا ہے۔لیڈی ایچی سن کی سیڑھیوں پر بچے کی پیدائش کا واقعہ فراموش نہیں ہوا تھا کہ یہ واقعہ ہو گیا۔70کروڑ کی لاگت سے جاتی عمرہ سے 2 کلو میٹر کے فاصلے پر تعمیر کیا گیا ہسپتال سہولیات دینے میں ناکام رہا ہے۔ویسے لاہو جیسے شہر میں گڈگورنس کے شاہکار کے نعرے لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کی سہولیات دینے میں ناکام رہی ہے اور اس حوالے سے قرارداد بھی پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے۔