مظفرآباد میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ انتظامیہ کا ناروا سلوک اور لاٹھی چارج بیڈ گورننس کی بد ترین مثال ہے ‘جائز مطالبات کیلئے احتجاج کرنا ریاست کے شہریوں کا حق ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر،سعودی عرب کے چیئرمین سردار نثار افسر عباسی کا بیان

بدھ 18 اکتوبر 2017 14:51

سعودی عرب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر،سعودی عرب کے چیئرمین سردار نثار افسر عباسی نے کہا ہے کہ مظفرآباد میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ انتظامیہ کا ناروا سلوک اور لاٹھی چارج بیڈ گورننس کی بد ترین مثال ہے ،جائز مطالبات کیلئے احتجاج کرنا ریاست کے شہریوں کا حق ہے، لیڈی ہیلتھ ورکرز عوام کی زندگیاں بچانے میں مصروف عمل رہتی ہیں ،تنخواہوں کی عدم ادائیگی سرا سر نا انصافی اور ظلم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہیں دس ماہ سے ادا نہیں کی گئیں ، ان میں سے کئی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے چولہے بجھ چکے ہیں ان کے بچوں کو سکولوں سے نکال دیاگیا۔ اور آج ان کے پرامن جلوس پر تشدد کیا گیا۔انتظامیہ کی اس کاروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کا یہ فعل حکومتی کارکردگی کو متاثر کرنے کے مترادف ہے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کو سختی سے نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کا بھیانک چہرہ سب کے سامنے آ چکا ہے ،مائوں ،بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کرنا انتظامیہ کو نہ آسکا، آج کسی کی مائوں ،بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ ایسا بھیانک سلوک روا رکھا گیا دنیا مکافات عمل ہے کل ان کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے ۔سردار نثار افسر عباسی نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں لیکن ہماری اپنی ریاست کے دارلحکومت میں اس قسم کی کاروائی سے اقوام عالم بالخصوص لائن آف کنٹرول کے اس پار کیا پیغام گیا ہو گا ۔انہو ں نے لاٹھی چارج کا حکم دینے والے آفیسران کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔