لیڈی ہیلتھ ورکرز کے پرامن احتجاج پر جیسے پولیس گردی کا مظاہرہ کیا گیا اس کی مثال ریاست کی تاریخ میں نہیں ملتی‘ پولیس نے خواتین کیساتھ ناروا سلوک کیا ‘نازیبا الفاظ ، گالی گلوچ کی اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں

سابق وزجنگلات آزادکشمیر سردار جاوید ایوب اوروزیر سپورٹس محترمہ صدف شیخ کا مشترکہ بیان

بدھ 18 اکتوبر 2017 14:51

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) سابق وزجنگلات آزادکشمیر سردار جاوید ایوب اوروزیر سپورٹس محترمہ صدف شیخ نے کہا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے پرامن احتجاج پر جس طرح پولیس گردی کا مظاہرہ کیا گیا اس کی مثال ریاست کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ پولیس نے خواتین کیساتھ ناروا سلوک کیا انہیں دھکے دیئے، نازیبا الفاظ ، گالی گلوچ کی اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،ریاستی عوام اپنی عزت پر کوئی کمپرومائز نہیں کرسکتے ،قوم کی مائوں ،بہنوں اور بیٹیوں پر تشدد کر کے انتظامیہ نے انتہائی بے غیرتی کا مظاہرہ کیا ۔

موجودہ حکومت گڈ گورننس کا راگ الاپنے کے سوا ڈیڑھ سالوں میں کوئی کام نہیں کر سکی۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 8ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونا ظلم عظیم ہے ،ریاست کے کونے کونے میں عوام میں صحت کے حوالے سے شعور و آگاہی اجاگر کرنے والوں کے ساتھ حکومت اور انتظامیہ کا ایسا سلوک انتہائی افسوسناک ہے ۔

(جاری ہے)

تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میںخواتین پر تشدد سے لائن آف کنٹرول کے اس پار اور پوری دنیا میں منفی پیغام گیا ۔

ان خیالات کا اظہار ان دونوں رہنمائوں نے آن لائن نیوز سروس ’’اوورسیز نیوز ‘‘ سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ8ماہ سے ایل ایچ ویز کو تنخواہیں نہیں ملیں جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آچکی ہے ۔بچوں کی فیس بھی ادا نہیں کرپارہی ہیں۔جائز مطالبات کے حق میں کیے جانے والے احتجاج پر لاٹھی چارج انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایک لیڈی ہیلتھ ورکر واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث اپنا علاج معالجہ نہ کروا سکی اورموت کا شکار ہوگئی ۔حکومت لیڈی ہیلتھ ورکرز کا معاشی قتل عام کررہی ہے جو کہ گڈ گورننس کے دعویداروں کیلئے شرمناک ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو نارمل میزانیہ پر لائے اور ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :