پاکستان عوامی تحریک کا بیرسٹر سلطان محمود کے 27 اکتوبرکوبرلن ملین مارچ کی بھرپور اور عملی حمایت کا اعلان

بدھ 18 اکتوبر 2017 15:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک نے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے 27 اکتوبرکوبرلن ملین مارچ کی بھرپور اور عملی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوامی تحریک کے یورپ میں مقیم کارکنان اور رہنمائوں سے کہا ہے کہ وہ اس ملین مارچ میں بھرپور انداز میں شرکت کرکے دنیا پر واضح کر دیں کہ کشمیری اب زیادہ دیر بھارت کے تسلط میں قید نہیں رہ سکیں گے اور مقبوضہ کشمیر انشا ء اللہ جلد آزاد ہو گا۔

عوامی تحریک کے وفد نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ جہاں بھی مسئلہ کشمیر کو اٹھانے کی بات آئے گی ہم سب کشمیری آپ کے ساتھ ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

عوامی تحریک نے باقی جماعتوں سے بھی برلن ملین مارچ میں شرکت کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی ، سماجی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر آزاد کشمیر کے ایک جھنڈے تلے جمع ہو کر اس ملین مارچ میں شریک ہو کر یہ پیغام دیں کہ ہم سب متحد ہیں اور کشمیر کی آزادی کے لئے ملکرہر فورم پرجدوجہد جاری رکھیں گے۔

اس با ت کااعلان پاکستان عوامی تحریک آزاد کشمیر کے صدر سردار منصور خان کی قیادت میں ایک وفد نے آج یہاں اسلام آباد میںپی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر وفد میں عوامی تحریک آزاد کشمیر کے صدر سردار منصور خان کے علاوہ چیف آرگنائزر سردار افتخار خان، سینئر نائب صدر سردار اعجاز سدوزئی، سیکریٹری اطلاعات سردار نجم الثاقب اور سیکریٹری سوشل میڈیا فیصل محمود بھی شامل تھے۔

جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سردار منصور خان نے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کویقین دلایا کہ یورپ میں جتنے بھی عوامی تحریک کے ساتھی ہیں وہ اس ملین مارچ میں بھرپور انداز میں شرکت بھی کریں گے اور حمایت بھی کریں گے۔ اس موقع پر سردار منصور خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کی کوششوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب یہی طریقہ ہے کہ بھارت کودنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عوامی تحریک کی طرف سے برلن ملین مارچ کی حمایت اور شرکت کے اعلان پر تمام عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرا شکریہ کا پیغام پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ و شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری تک بھی پہنچا ئیں۔***