وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر سے سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر کی ملاقات

اہلیان پاکستان کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر اہلیان پاکستان و کشمیر کی بہترین ترجمانی کی، چوہدری برجیس طاہر

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر سے سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر و فاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ اہلیان پاکستان کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر اہلیان پاکستان و کشمیر کی بہترین ترجمانی کی اور قابض بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم سے اقوام عالم کو آگاہ کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے حالیہ دور میں مسئلہ کشمیرعالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔ آزادکشمیر کے حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو بھاری مینڈیٹ دیا، مسئلہ کشمیر مسلم لیگ (ن) کے دور ہی میں حل ہو گا وہ دن دور نہیں جب راولپنڈی فیض آبادلاری اڈے سے سری نگر سری نگر کی صدائیں سماعتوں سے ٹکرائیں گی اور یہاں سے گاڑیاں سیدھی سری نگر جایاکریںگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیاء میں مستقل قیام امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں عالمی برادری کو اس سلسلہ میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ مسئلہ دوایٹمی طاقتوں کے درمیان ہے کشمیر کے لوگ گزشتہ سات د ہائیوں سے آزادی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

بانی پاکستان حضرت قائد اعظم ؒ نے کشمیر کیلئے اپنے تاریخی الفاظ میں کہا تھا کہ"کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہی" اہل پاکستان بانی پاکستان کے انہی الفاظ کو کشمیر بارے بنیادی اساس تصور کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ 17 کروڑ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے ہمیشہ کشمیر پر اپنا اصولی اور ٹھوس موقف پیش کیا ہے، ان کے حالیہ دورہ امریکہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر بارے تاریخی تقریر سے آر پار کے کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔