مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوںکی مظاہرین پر فائرنگ سے متعدد افراد زخمی

بدھ 18 اکتوبر 2017 18:43

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر کے علاقے اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات کے خلاف مظاہروں پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع اسلام آباد کے علاقے Salarمیں چٹیا کاٹنے میںملوث ایک شخص کو پکڑنے والے مظاہرین پر بھارتی فوجیوںکی فائرنگ سے پانچ افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

چٹیاکاٹنے والا شخص فوجی گاڑی میں فرار ہو گیا۔ گاندربل اور کپواڑہ کے علاقوں کنگن اور کرالپورہ میں لوگوںنے چٹیاکاٹنے میںملوث چار بھارتی فوجیوں کو پکڑ لیا ۔ انہوںنے فوج کی مداخلت پرکنگن میں فوجی گاڑی کو آگ لگادی ۔ بارہمولہ اور گاندبل کے اضلاع کے علاقوں اوڑی اور Beehamaسے بھی مزید چٹیا کاٹنے کے واقعات کی اطلاع ملی ہے ۔

(جاری ہے)

حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں عوامی مجلس عمل کے ایک اجلاس سے خطاب میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات اور ان شرمناک حرکات کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی۔

ادھر بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ضلع شوپیاں کے علاقوں ملک گنڈ، ترک وانگام اور بابیک حیدر میں گھروں پرچھاپے ڈالے اور کھڑکیاں اور دروازے توڑنے کے علاوہ گھریلو اشیاء کی توڑ پھوڑ کی۔ ضلع شوپیاں ہی کے علاقے واتھو میں ایک معلم کی لاش برآمد ہوئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوٹ بھلوال جیل کی انتظامیہ سیاسی قیدیوں کو جسمانی تشدد کے علاوہ انہیں برہنہ ہونے پر مجبور کرتی ہے ۔ رپورٹس میں جیل ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قیدیوں کے ساتھ جیل میں اس طرح کا سلوک عام ہے ۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ایک بیان میں گزشتہ کئی دہائیوں سے مختلف جیلوں میں نظر بند وں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔