خیبرپختونخوا بیش بہا قدرتی وسائل سے مالامال ہے ، مظفر سید ایڈووکیٹ

یہاں تیل و گیس کے وسیع ذخائر سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، وزیر خزانہ کے پی کے

بدھ 18 اکتوبر 2017 19:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ بیش بہا قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور یہاں پر تیل و گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیںجن سے بھر پور انداز میں فائدہ اٹھانے کے لئے ان کی تلاش کا کام مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبہ معاشی لحاظ سے مستحکم ہواوردوسروں پر مالی انحصار کم کیا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ (KPOGCL)کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رضی الدین رضی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے صوبائی وزیر سے ملاقات کے دوران کے پی اوجی سی ایل کے تحت صوبے میں تیل و گیس کی تلاش اور اس کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کی غرض سے کمپنی کی کوششوں اور کارکردگی سے انہیں آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر نے تیل و گیس کی تلاش اور اس کی پیداوار کو بڑھانے کے سلسلے میں خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی (KPOGCL) کی بہتر کوششوں کو سراہتے ہوئے قدرتی وسائل کے ان پوشیدہ خزانوں سے بھر پور انداز میں استفادہ حاصل کرنے کے لئے اس مد میں مزید عزم وہمت کے ساتھ محنت کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے کہاکہ تیل و گیس کی تلاش کے لئے صوبائی سطح پر مذکورہ علیحدہ کمپنی کا قیام صوبے میں قدرتی ذخائر سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی غرض سے عمل لایا گیا تھا جو کہ موجودہ صوبائی حکومت کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں وسیع قدرتی ذخائر موجود ہیں جن کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم اقتصادی لحاظ سے استحکام حاصل کرسکتے ہیں ۔ملاقات میں صوبائی وزیر نے کمپنی کی کوششوں کو سراہا اور انہیں تیل و گیس کی پیداواری صلاحیت کو مزید فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔