اسرائیلی حکومت نے عدالتی فیصلے کے بعد غزہ پٹی کی بجلی بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا

بدھ 18 اکتوبر 2017 20:16

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) اسرائیلی حکومت نے صہیونی سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد غزہ کی پٹی کے علاقے کی کم کی گئی بجلی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اسرائیلی حکومت نے غزہ کی پٹی کی بجلی محض انتقامی بنیاد پر کم کی ہے جس کے نتیجے میں عام شہری متاثر ہو رہے ہیں۔

درخواست گذاروں کے ایک وکیل نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر’مرکزاطلاعات فلسطین‘ کو بتایا کہ اسرائیلی حکومت سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد گذشتہ جون میں کم کی گئی غزہ کی بجلی بحال کرنے پر تیار ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت نے گذشتہ جون میں غزہ کی پٹی کو فراہم کردہ بجلی فلسطینی اتھارٹی کی درخواست پرکم کر دی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے انسانی حوق کی تنظیموں کی درخواست پر اگلے 48 گھنٹوں میں غزہ کی ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی کم کی گئی مقدار بحال کر دی جائے گی۔

یاد رہے کہ انسانی حقوق کی دو عالمی تنظیموں سویڈن کی ’رٹفیس اوک فریھیٹ‘ اور فرانس کی ’کولکٹیو 69‘ نے اسرائیلی سپریم کورٹ میں غزہ کی بجلی کم کرنے کے خلاف ایک درخواست دی تھی۔ اگرچہ یہ درخواست کئی ہفتے قبل دی گئی تھی تاہم اسرائیلی عدالت اس پر فیصلہ بار بار ملتوی کرتی رہی ہے۔۔

متعلقہ عنوان :