ختم نبوت شق میں ترمیم سے کسی بڑی سازش کی بو آرہی ہے، حکومت عقیدہ ختم نبوت کی شق کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنیوالی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرکے سخت سزا دے،رانا ثناء اللہ کسی صورت وزارت کے اہل نہیں،مسلمانوں کو نبوت اور ناموس رسالت کیخلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہوکر میدان میں آنا ہوگا

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کا ختم نبوت ؐ کانفرنس سے خطاب

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ختم نبوت شق میں ترمیم سے کسی بڑی سازش کی بو آرہی ہے، پاکستان کے مسلمان چوکنے رہیں، ختم نبوت اور ناموس رسالت کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہوکر میدان میں آنا ہوگا۔ پنجاب اور وفاقی حکومت میں میر جعفر اور میر صادق بیٹھے ہوئے ہیں جو اسلام اور شعائر اسلام کے دشمن ہیں۔

حکومت عقیدہ ختم نبوت کی شق کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرکے سخت سزا دے۔رانا ثناء اللہ کسی صورت وزارت کے اہل نہیں۔ قادیانیوں کی حمایت کرنے اور انہیں مسلمان کہنے پر سزا کے طور پر رانا ثناء اللہ کو وزارت سے فارغ کیا جائے۔ پاکستان قدرتی دولت اور وسائل کے لحاظ سے دنیا کا مالدار ترین ملک ہے لیکن چوروں اور ڈاکوؤں نے پاکستان کو پسماندہ اور محکوم بنادیا ہے۔

(جاری ہے)

چوروں، ڈاکوؤں، سیکولر، لبرل اور قوم پرست سیاستدانوں کی صورت میں امریکی گھوڑے مسلط ہیں۔ الیکشن کمیشن گونگا بہرہ بے جان ادارہ بن چکا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے امیدوار ضمیر کی بولیاں لگا رہے ہیں۔ الیکشن قوانین کی بدترین خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے۔عوام ووٹ کی طاقت سے ستر سال مسلط کرپٹ مافیا کا احتساب کریں۔

این اے فور میں شکست مخالفین کا مقدر بن چکی ہے، منتخب ممبران کی وجہ سے ستر سال سے این اے فور ترقی سے محروم رہا، جماعت اسلامی نے ایک بار یہ سیٹ جیتی اور ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا۔ واصل فاروق بھی این اے فور کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔این اے فور کے عوام روایتی اور دوغلے سیاستدانوں کو ووٹ دینے کے بجائے واصل فاروق چمکنی کوووٹ دیں۔

جماعت اسلامی کی صادق اور امین قیادت ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔ جماعت اسلامی اور واصل فاروق عقیدہ ختم نبوت ؐاور ناموس رسالتؐ کے محافظ ہیں، ناموس رسالتؐ پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔واصل فاروق چمکنی دینی طبقے اور تنظیموں کے واحد متفقہ امیدوار ہیں۔وہ بدھ کو جمیل چوک رنگ روڈ میں ختم نبوت ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ختم نبوت ؐکانفرنس سے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور سپاہی ٴ ختم نبوتؐ صاحبزادہ طارق اللہ، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان ، این اے فور کے امیدوار واصل فاروق خان چمکنی، مرکزی رہنما انتخاب خان چمکنی، حاجی نیاز محمد و دیگر نے خطاب کیا۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ قادیانی بھی نماز پڑھتے اور روزے رکھتے ہیںاور خود کو مسلمان کہتے ہیں صرف ختم نبوت ؐ کے پوائنٹ پر اختلاف ہے۔ رانا صاحب ختم نبوتؐپر ایمان نہ رکھنے والا مسلمان ہی نہیں، اس نکتے پر اختلاف کوئی چھوٹی بات نہیں ، ختم نبوت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔ قادیانی محمدؐ کو آخری نبی اور ہم قادیانیوں کو مسلمان ماننے کو تیار نہیں ۔

ختم نبوت ؐ کو معمولی نکتہ کہنے والے اپنا دماغی چیک اپ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوتؐ ناموس رسالتؐ کی پاسبان اور محافظ ہے ، کسی نے بھی عقیدہ ختم نبوت ؐ اور ناموس رسالتؐ کی طرف ہاتھ بڑھائے تو وہ ہاتھ کاٹ دیں گے لیکن ناموس رسالت ؐ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این اے فور میں نہ تو کوئی ترقیاتی کام ہوئے نہ ہی یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات میسر ہیں، اکیسویں صدی میں بھی حلقہ این اے فور پتھر کے دور کا منظر پیش کررہا ہے۔

حلقہ کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، پینے کا صاف پانی ، صحت و تعلیم کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔یہاں سے منتخب ہونے والوں نے سوائے محرومیوں کے اس حلقہ کو کچھ نہیں دیا۔ جماعت اسلامی کے امیدوار واصل فاروق چمکنی کو کامیابی ملی تو حلقہ کو تمام سہولیات دیں گے۔ این اے فور کے عوام اپنی حالت بدلنے کے لئے دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں۔ واصل فاروق چمکنی مخلص اور دیانتدار ہیں ، این اے فور کے عوام بھاری اکثریت سے واصل فاروق کو کامیاب کریں ۔