وزیر صحت نے لاہور جنرل ہسپتال میں زیرعلاج معروف فنکار جاوید کوڈو کی عیادت کی

جاوید کوڈو قومی اثاثہ ہیں، ان کا سرکاری خرچ پر علاج کیا جائے گا،خواجہ سلمان رفیق نے جناح ہسپتال کا بھی دورہ کیا

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے لاہور جنرل ہسپتال میں زیرعلاج سٹیج اداکار جاوید عرف کوڈو کی عیادت کی۔ اس موقع پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر اور معالجین نے وزیر صحت کو جاوید کوڈو کی صحت کے حوالے سے بریف کیا-ڈاکٹر غلام صابر نے بتایا کہ جاوید عرف کوڈو معدے کے السر کے پرانے مریض ہیں اور السر پھٹ جانے کی وجہ سے LGHکے پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر افسر علی بھٹی کی زیر نگرانی مریض کا فوری آپریشن کیا گیا ہے اور اب مریض کی حالت بہتر ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جاوید کوڈو قومی اثاثہ ہے جنہوں نے اپنی اداکاری سے ساری عمر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیری ہیں، وزیر صحت نے کہا کہ بیمار فنکار کا علاج سرکاری خرچ پر کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو جاوید کوڈو کی خصوصی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جناح ہسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا۔

انہوں نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کا ۔ ہسپتال میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کے کنسلٹنٹ نے ہسپتال کی ری ویمپنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے جناح ہسپتال میں صفائی کے بہترین انتظامات اور ایمرجنسی میں مریضوں کے علاج معالجہ اور دیگر اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر راشد ضیاء اور ایم ایس ڈاکٹر سہیل ثقلین کی کوششوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :