مقبوضہ کشمیر، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا شبیر شاہ و دیگر رہنمائوں کے عدالتی ریمانڈ میں توسیع پر اظہار تشویش

نظر بندی کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے،انسانی حقوق کے ا دارے کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں،ترجمان

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:47

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموںکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں کے عدالتی ریمانڈ میں توسیع پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی نظر بندی کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈ م پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شبیر احمد شاہ کو بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک ایسے پرانے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر رکھا ہے جسے عدالت نے بند کرکے اس میں ملوث تمام لوگوں کو بری کردیا تھا۔ترجمان نے این آئی اے ،انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور بھارتی میڈیا کے ذریعے حریت رہنمائوں کی کردار کشی کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ نظر بند رہنمائوں کو جیلوں میں بھی ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے شبیر احمد شاہ ،غلام محمد خان سوپوری ،آسیہ اندرابی، مسرت عالم بٹ،ڈاکٹر قاسم فکتو،شفیع شریعتی ،فہمیدہ صوفی، مشتاق الاسلام ،محمد افضل، محمد رفیق گنائی ،محمد شعبان خان ،معراج الدین نائکو ،فاروق توحیدی،محمد رمضان خان ،عبدالاحد پرہ ،عبدالغنی بٹ ،مفتی عبدالاحد ،نعیم احمد خان ،معراج الدین کلوال ،پیر سیف اللہ ،فاروق احمد ڈار ،میر حفیظ اللہ ،الطاف احمد شاہ اور دیگر سینکڑوں نظر بندوں کی حالت زار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ کشمیری نظر بندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے بہیمانہ سلوک کا نوٹس لیں۔

دریں اثنا ترجمان نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے ولرہامہ پہلگام میں شہریوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری خواتین کی چٹیا کاٹنے والے مجرموں کو قابض فوجی تحفظ فراہم کر کے اپنے گھنائونے عزائم کا کھلا اظہار کررہے ہیں ۔ترجمان نے شہید شوکت فلاحی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔

متعلقہ عنوان :