اسرائیل مغربی کنارے میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر فوری بند کرے،

اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، قیام امن کی کوششوں کو خطرہ ہے، یورپی یونین کا اعلامیہ

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:20

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) اسرائیل مغربی کنارے میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر فوری بند کرے، نئے آباد کاری منصوبوں سے فلسطینیوں کے ساتھ ممکنہ قیام امن کو خطرہ لاحق ہے، ایسے منصوبے اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین بامقصد امن بات چیت کی بحالی کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ ثابت ہو رہے ہیں، اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقے میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر لازمی طور پر بند کرے۔ یونین کے مطابق ان نئے آباد کاری منصوبوں سے فلسطینیوں کے ساتھ ممکنہ قیام امن کو خطرہ ہے۔بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفتر سے گذشتہ روز خارجہ امور کے شعبے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایسے منصوبے اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین بامقصد امن بات چیت کی بحالی کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ ثابت ہو رہے ہیں۔یورپی یونین کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے۔بین الاقوامی قانون کے تحت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کی ہر قسم کی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں اور ان سے اس دو ریاستی حل کے قابل قبول ہونے کی بھی نفی ہو رہی ہے۔ جس کے لیے خطے میں دیرپا امن کی خاطر کوششیں کی جا رہی ہیں۔برسلز کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین ہے اسرائیل اس مطالبہ پر غور کرتے ہوئے من و عن تسلیم کرے گا۔