پاکستان نے نہتے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف آواز بلند کی، عامر آفتاب قریشی

مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف پاکستانی نژاد برطانوی وکلاء ایسوسی ایشن آف پاکستان کے پلیٹ فارم سے آواز بلند کرتے رہیں گے،بیرسٹر امجد ملک کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،ْ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ضروری ہے ،غزالہ حبیب خان نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ،عالمی قوتوںکو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہئے ،چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر امریکہ

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:35

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر عامر آفتاب قریشی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نہتے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف نہ صرف آواز بلند کی بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں موثر اقدامات بھی کئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راچڈیل میں ایسوسی ایشن آف پاکستانی لائیرز برطانیہ کے زیر اہتمام ’’کشمیر اینڈ اوورسیز پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء کی بھی معاشرے میں انصاف کے حصول اور معاشرتی توازن برقرار رکھنے میں موثر کردار ادا کرتے ہیں ۔ قونصل جنرل نے وکلاء کے اس اجتماع کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی نژاد برطانوی وکلاء برطانوی معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن آف پاکستانی لائیرز کے صدر اور اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے اے پی ایل (ایسوسی ایشن آف پاکستانی لائیرز برطانیہ) کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کے اے پی ایل برطانیہ اور پاکستانی لائیرز کے مابین رابطے اور باہمی تعاون میں 14 سالوں سے پل کا کردار ادا کر رہی ہے ۔

بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف پاکستانی نژاد برطانوی وکلاء ایسوسی ایشن آف پاکستان کے پلیٹ فارم سے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ فرینڈز آف کشمیر امریکہ کے چیئرپرسن غزالہ حبیب خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں اس لئے عالمی قوتوںکو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہئے ۔ تقریب میں سابق میئر آف راچڈیل کونسلر سلطان علی اور سابق میئر آف برنلے رفیق ملک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھر پور کوششیں جاری رکھے گی ۔ تقریب کے اختتام پر وکلاء اور رضا کاروں کو تعارفی اسناد بھی دی گئیں۔