وزیر صحت بلوچستان کی کوئٹہ میںحملے کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کوئٹہ میں پولیس ٹرک پر بم حملے کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروںاور پیرامیڈیکل اسٹاف کو زخمیوں کو بہترعلاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو سول ہسپتال کوئٹہ میں بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے کوئٹہ میں پولیس ٹرک پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکر بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں ایسے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والے پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ میررحمت صالح بلوچ نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اوردیگرافراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

انہوں نے بم دھماکے کے بعد فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو بم دھماکے میںزخمی ہونے والے افراد کو ملک کے دیگر ہسپتالوں میں بھی منتقل کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں بم دھماکے کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی پر ڈاکٹروں کو شاباش دیتا ہوں۔ صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اورانہیں علاج معالجے کی فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :