خیبر پختونخوا میں سائیکلنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں حکومت سہولیات فراہم کرے، نثار احمد خان

جمعرات 19 اکتوبر 2017 13:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سائکلنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ حکومت سہولیات فراہم کرے تو خیبر پختونخوا کے کھلاڑی دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے سائیکلٹس نے کئی بار انٹرنیشنل سطح پر حصہ لیا اور ملک کا نام روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے خیبر پختونخوا نے کئی قومی سطح کے کھلاڑی دیئے ہیں جن میں عبدالباسط، فرمان علی، اویس، محسن خان اور مراد علی کے علاوہ خواتین کھلاڑی صبیحہ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھیلوں کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفیئرز کے تعاون سے دو روزہ خیبر پختونخوا سائیکلنگ چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے شروع پشاور میں شروع ہوگی جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چیمپئن شپ کا افتتاح پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ کریں گے جبکہ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل محمود خان اور سیکرٹری سپورٹس طارق خان کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے اور چیمپئن شپ میں سات ڈویژن کے مرد کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پشاور، مردان ، کوہاٹ، مالاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور ہزارہ ڈویژن شامل ہیں۔

چیمپئن شپ کا افتتاحی تقریب 22 اکتوبر کو صبح نو بجے نادرن بائی پاس رنگ روڈ پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں تین کیٹگریز کے مقابلے ہونگے جس میں انفرادی ٹائم ٹرائلز، ٹیم ٹرائلز اور سکریچ روڈ ریس شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں انفرادی ٹائم ٹرائلزاور ٹیم ٹرائلز 14 ، 14 کلو میٹر ریس ہونگی جبکہ 23 اکتوبر کو 28 کلو میٹر محیط سکریچ روڈ ریس منعقد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :