وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان،سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کا دورہ یورپ کا بنیادی مقصد ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے ‘عالمی دنیا کو اس مسئلہ کے سیاق و سباق سے آگاہی فراہم کرنا بے حد ضروری ہے

ْمسلم لیگ (ن) آزادکشمیرلائرز فورم ضلع میرپور کے صدر شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ کی بات چیت

جمعرات 19 اکتوبر 2017 16:48

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیرلائرز فورم ضلع میرپور کے صدر شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان،سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کا دورہ یورپ کا بنیادی مقصد ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے اور عالمی دنیا کو اس مسئلہ کے سیاق و سباق سے آگاہی فراہم کرنا بے حد ضروری ہے ‘بھارتی لابی اپنے مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کر کے کشمیریوں کے استصواب رائے کو دبانا چاہتا ہے لیکن وہ اپنے اس گھنائونے مقصد میں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہو سکتاوزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان مسئلہ کشمیر کے حل اور عالمی برادری میں کشمیریوں کے مئوقف کی ترجمانی کر کے اپنا حق بخوبی ادا کر رہے ہیں ، ان کے دورہ یورپ سے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اہم پیش رفت واقعہ ہونگی جبکہ بھارت جو مسئلہ کشمیر کے حل سے گزشتہ ستر سالوں سے راہ فرار اختیار کر رہا اس کا اصل اور سیاہ چہرا دنیا کے سامنے آشکار کیاجائیگا، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی بھرپور انداز میں نمائندگی کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے موجودہ دورہ یورپ مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیاشجاع حیدر لودھی نے کہا کہ عالمی دنیا کشمیریوںکے مئوقف کو تسلیم کر رہی ہے جبکہ بھارت مسئلہ کشمیر سے روگردانی کر کے اس اہم ترین سے مسئلہ کے حل سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتا ہے لیکن کشمیری قوم اس کو کسی بھی صورت مسئلہ کشمیر کے حل سے بھاگنے نہیں دینگے ، انہوںنے کہا کہ بھارت اور اس کی لابی ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے دبائے ہوئے ہیں لیکن وہ اب زیادہ دیر تک کشمیریوں پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتے کشمیری کی منزل آزادی ہے اور اپنے اس بنیادی حق کیلئے وہ بھارتی افواج اور اس کے حکمرانوں کے آگے سینہ تان کر کھڑے ہیں ، انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا فوری اور دیرپاحل وقت کا تقاضا ہے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کشمیری قوم کے ترجمان اور نمائندے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوںنے ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے تشخص اور ان کے حق خودارادیت کیلئے ہمیشہ مئوثر کردارادا کیا ہے ۔

ماضی میں میاں محمد نوازشریف پر کرپشن کا آج تک کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا انہوںنے ہمیشہ پاکستان میں جمہوری تسلسل کیلئے اپنا کردارادا کیا ہے اس مرتبہ بھی ان پر جس طرح کے مخالفین الزامات عائد کر رہے ہیں ان کو اقتدار میں آنے کی بہت جلد ہے لیکن وہ اپنے اس مقصد میںکسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونگے ۔شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوںنے پاکستان میں تعمیروترقی اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے ہر عدالتی فیصلے کو قبول کیا ان چار سالوں کے دوران ملک میں بے شمار تعمیروترقی کے اقدامات کیے گئے ، پاکستان میں سابقہ ادوار میں جس طرح کا توانائی بحران کا سامنا تھا آج و ہ الحمداللہ ختم ہونے کے قریب ہے بہت جلد پاکستان میں توانائی بحران سمیت، معاشی ترقی کا پہیہ چل پڑیگا ، انہوںنے کہا کہ کچھ لوگوں کو اقتدار میں آنے کی بے حد جلدی ہے لیکن ان کا یہ خواب کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہوگا انشاء اللہ 2018ء کے الیکشن میںمسلم لیگ ن ہی بھاری اکثریت کامیاب ہو گی اور میاں محمد نوازشریف مقدر کے سکندر کی طرح چوتھی مرتبہ بھی پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے ۔