راولپنڈی شہر بھر میں سوئی گیس کی معمول کے مطابق فراہمی شروع کر دی گئی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:01

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز راولپنڈی ریجن کے جنرل مینجر محمد ظہور نے کہاہے کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔اے پی پی کودیئے گئے انٹرویومیں جی ایم محمد ظہور نے کہا کہ آہدی گیس فیلڈ کی دس روزہ سالانہ مرمت کاکام پایہء تکمیل تک پہنچ گیا ہے اور کینٹ و شہر میں گیس کی مکمل فراہمی بحال ہو چکی ہے اور شہر کے کسی بھی حصے میں کم پریشر کی شکایت نہیں ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آہدی گیس فیلڈ کی سالانہ مینٹی نینس کی وجہ سے گذشتہ چند یوم سے بعض علاقوں میں پریشر میں کمی کی شکایات موجود تھیں تاہم گیس فیلڈ کے سالانہ مرمتی کام کی تکمیل کے بعد تمام علاقوں میں یکساں پریشر کے ساتھ گیس کی بلاتعطل فراہمی بحال کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

محمد ظہور نے کہاکہ موسم سرما میں گیس کی مجموعی کھپت میں اضافے کی وجہ سے دبائو بڑھ جاتا ہے۔

گذشتہ کچھ عرصہ سے راولپنڈی کینٹ و شہر کی متعدد بوسیدہ پائپ لائنیں تبدیل کی گئی ہیں جبکہ اکثر علاقوں میں ضرورت کے مطابق چھوٹی پائپ لائنوں کوبڑی پائپ لائنوں سے تبدیل کیا گیا ہے جس سے مجموعی طور پر گیس کی فراہمی میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایس این جی ایل راولپنڈی ریجن موسم سرما میں صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں جو کہ ہمہ وقت چوکس رہتے ہوئے مکمل گیس پریشر کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فعال رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :