پیمرا نے نجی ٹی وی چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اپنے فیصلے کی خلاف ورزی پر بول نیوز کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔یاد رہے پیمرا نے چینل کو27 جون 2017ء کو نشر ہونے والے پروگرام "ایسے نہیں چلے گا " میں پاک فوج کے حاضر سروس افسر کا نام لیکر فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے پرناظرین سے معذرت نشر کرنے کو کہا تھا لیکن معافی نشر نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

مذکورہ بالا پروگرام میں پاک فوج کے حاضر سروس افسر جو جنگ زدہ علاقہ میں تعینات ہے، کا نام لیکر منفی تبصرہ کیا گیا جو کہ الیکٹرانک میڈیا ضابطہٴ اخلاق 2015ء کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے۔لہٰذا پیمرا نے چینل انتظامیہ کو 26 اکتوبر 2017ء تک اظہار وجوہ کے نوٹس کے جوابدہی اور اپنا مؤقف واضح کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ مزید برآں بول نیوز کے چیف ایگزیکٹو کو ذاتی شنوائی کے لیے 26اکتوبر 2017ء کو طلب کر لیا ہے۔چینل کی جانب سے مقررہ وقت کے اندر جواب داخل نہ کرنے اور ذاتی شنوائی میں پیش نہ ہونے کی صورت میں اتھارٹی یکطرفہ کاروائی عمل میں لائے گی۔

متعلقہ عنوان :