کھڈیاںخاص، ریلوے پھاٹک کراس کرتے ریل گاڑی سے ٹکرا کر موٹر سائیکل سوار ہلاک ،دوسرا شدید زخمی ہو گیا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 19:02

کھڈیاںخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) ریلوے پھاٹک کراس کرتے وقت ریل گاڑی سے ٹکرا کر ایک موٹر سائیکل سوار ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ لواحقین کا لاش ریلوے ٹریک پر رکھ کر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور دیگر اعلی افسران کے خلاف ریلوے پھاٹک پر گیٹ نصب نہ کروانے اور مذکورہ جگہ پر ریلوے ملازم نہ ہونے پر ٹائروں کو آگ لگا کر زبردست احتجاج۔

تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں کھنگرانوالہ کے رہائشی فوجی عبدالرحمن کے دو نوجوان بیٹے 22سالہ محمد شفیق ااپنے بڑے بھائی محمد عامر جو کہ پاک آرمی میں ملازم ہے موٹر سائیکل پر کھڈیاں خاص لاری اڈہ پر چھوڑنے کیلئے جا رہے تھے جب یہ قبر کوٹ ریلوے پھاٹک کے قریب پہنچے تو لاہور سے براستہ قصور کراچی جانے والی ’’فرید ایکسپریس‘‘ آ رہی تھی۔

(جاری ہے)

ریل گاڑی گذرنے کا انتظار کیے بغیر جلدی سے بغیر گیٹ ریلوے پھاٹک کو کراس کرنے کی کوشش میں موٹر سائیکل فرید ایکسپریس سے ٹکرا گئی اور محمد شفیق موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا جبکہ اسکے پیچھے بیٹھا اسکا بڑا بھائی محمد عامر شدید زخمی ہو گیا۔ ریلوے پولیس نے ضابطے کی کاروائی شروع کر دی۔ یاد رہے مذکورہ ریلوے پھاٹک پر ماضی میں بھی کئی ایک حادثات رونما ہو چکے ہیں۔

جن میں نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے بلکہ لوگوں کے مویشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ کئی بار عامی نمائندوں و طلباء کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ یہاں نہ صرف گیٹ نصب کیاجائے بلکہ ریلوے کاملازم بھی رکھا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ پھاٹک کے قریب نا جائز تجاوزات کو بھی ختم کیا جائے مگر آج تک اس پر عمل نہ ہو سکا۔

متعلقہ عنوان :