اے بی ڈویلیئرز کے شاندار 176رنز ، جنوبی افریقہ دوسرے ون ڈ ے میں بھی فاتح

بنگلہ دیش کو آسانی 104 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 19:32

اے بی ڈویلیئرز کے شاندار 176رنز ، جنوبی افریقہ دوسرے ون ڈ ے میں بھی فاتح
پارل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) اے بی ڈی ویلیئرز کی 176 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو دوسرے ون ڈے میچ میں با آسانی 104 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پارل میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو کہ ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا۔

پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنائے، سابق کپتان ڈی ویلیئرز نے ڈٹ کر بنگال ٹائیگرز کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور کیریئر بہترین 176 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 7 چھکے بھی شامل تھے۔آملا 85 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے جبکہ ڈی کوک 46، کپتان فاف ڈوپلیسی اور پریٹورس صفر، جے پی ڈومینی 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین نے 4 اور شکیب الحسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔امرالقیس اور مشفق الرحیم کے سوا بنگلہ دیش کا کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، امرالقیس 68 اور مشفق 60 رنز بنا کر نمایاں رہے تاہم ان کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

دیگر بلے بازوں میں تمیم اقبال 23، لٹن داس 14، شکیب الحسن 5، صابر رحمان 17، ناصر حسین 3 کپتان مشرفی صفر، محموداللہ 35 اور روبیل حسین 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ کی جانب فلکوایو نے 4، عمران طاہر نے 3 اور پریٹورس نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کر لی۔کیریئر کی بہترین 176 رنز کی اننگز کھیلنے والے ڈی ویلیئرز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔۔

متعلقہ عنوان :