لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام ہے ،راجہ محمد فاروق حیدر

ہندوستانی فوج اور حکمران اخلاقیات کی تمام حدوں کو پھلانگتے ہوئے معصوم شہریوں کوگولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں، پاکستان کے اندر عدم استحکام کی سازشوں کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے مقبوضہ کشمیر میں عورتوں کے بال کاٹنے کے واقعات سوچی سمجھی سازش کاحصہ ہیں بھارتی فوجیوں کا رنگے ہاتھوں پکڑا جانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہندوستانی فوج کس پست ذہنیت کی مالک ہے ،وزیراعظم آزادکشمیر

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:18

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام ہے ،ہندوستانی فوج اور حکمران اخلاقیات کی تمام حدوں کو پھلانگتے ہوئے معصوم شہریوں کوگولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں، پاکستان کے اندر عدم استحکام کی سازشوں کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں عورتوں کے بال کاٹنے کے واقعات سوچی سمجھی سازش کاحصہ ہیں بھارتی فوجیوں کا رنگے ہاتھوں پکڑا جانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہندوستانی فوج کس پست ذہنیت کی مالک ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں کشمیرکی بہادر بیٹیوں نے جس طرح بندوق کامقابلہ پتھروں سے کیا اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی، بھارتی فوج نے تحریک آزادی کشمیر میں کشمیری بیٹیوں سے شکست کھانے کے بعد ان کے اندر خوف و ہراس پھیلانے کے لیئے نئی چال چلی ہے ،حد متارکہ کے اس پار بسنے واے کشمیریوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ،جس طرح گزشتہ 6دہائیوں سے آپ نے بھارتی مظالم کا مقابلہ کیا ،قربانیاں دیں اب دنیا کی کوئی طاقت حق خود ارادیت سے دور نہیں کر سکے گی متحد ہو کر دشمن کی اس چال کو ناکام بنانے میںاپنا کردار ادا کریں تاکہ آئندہ کسی بھی اوچھے ہتھکنڈے سے پہلے ہندوستانی افواج اور اس کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ہزار بار سوچے ۔

(جاری ہے)

لند ن سے جاری کردہ ایک بیان میںوزیراعظم نے کہا کہ ہندوستانی فوج جدید ترین اسلحہ اور بھاری بھر کم افراد ی قوت ،تمام تر وسائل رکھنے کے باوجود کشمیریوں سے نفسیاتی جنگ میں شکست کھا چکی ہے جس کے بعد گھبراہٹ کے عالم میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے حالیہ واقعات میں شدت اس کی ایک بنیادی وجہ ہے۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کے اندر عدم استحکام پھیلانے کے لیئے ہندوستانی خفیہ ایجنسی سرگرم ہے کوئٹہ میںہونے والی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں افغانستان اور ہندوستان پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں بند کریں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی سات لاکھ افواج وادی کے عوام کے سامنے بے بس ہیں، نئی نسل میں ڈر ختم ہو چکا ہے اب وہ آزادی کے سوا کسی آپشن پر کمپرومائز نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ 24اکتوبر کو یوم تاسیس بھرپور طریقے سے مناکر مقبوضہ وادی کے لوگوں کو یہ پیغام دیں گے کہ ہماری اصل آزادی اس وقت تک ادھوری ہے جب تک مقبوضہ کشمیر بھارت کے قبضے میں ہے ۔