(ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی دوست محمد خان کی آصف زرداری سے ملاقات ،پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

پیر خواجہ عطا اللہ تونسوی شریف ،سینیٹر سلیم مانڈی ماوالا کی بھی سابق صدر سے ملاقات ،آئندہ عام انتخابات سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی دوست محمد خان نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔خیبر پختوانخواہ سے (ن) لیگ کے رہنما دوست محمد خان نے بلاول ہائوس لاہور میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر راجہ پرویز اشرف اور دیگر بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔آصف علی زرداری نے دوست محمد خان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انشا اللہ پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختوانخواہ سمیت پورے ملک سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو ہر لحاظ سے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے لیکن اس کے باوجود عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پیر خواجہ عطا اللہ تونسوی شریف نے بھی بلاول ہائوس لاہور میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں جنوبی پنجاب کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈی والا نے بھی سابق صدر سے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کر کے پارٹی امور اور ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔