رینجرز سے مقابلے میں لیاری گینگ وار ملیر کا کمانڈر غفور چھوٹو ہلاک

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:19

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان رینجرز)سندھ( اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت لیاری گینگ وار ملیر کے کمانڈر غفور چھوٹو کے نام سے ہوئی ہے۔ پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گذشتہ روز دہشت گردوں کی ضلع ملیر کے علاقے مراد میمن گوٹھ میں موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر رینجرز نے علاقے کا گھیرائو کر لیا۔

دہشت گردوں نے رینجرز کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ رینجرز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جس کی شناخت لیاری گینگ وار ملیر کے کمانڈر غفور چھوٹو کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ ملزم لیاری گینگ وار کمانڈر نور محمد عرف بابا لاڈلہ اور رحمان ڈکیت کا قریبی ساتھی تھا اور علاقے میں خوف و دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم20 سے زائد جرائم کی وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا۔

ملزم 2006 ء میں حب کے علاقے میں3 غیر ملکیوں کے قتل سمیت پولیس پر حملوں، کئی اہلکاروں کو زخمی کرنے اور بھتہ خوری، منشیات فروشی، اغوا برائے تاوان جیسی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔ کارروائی کے دوران ایک عدد ایس ایم جی، ایک عدد9 ایم ایم پستول، ایک عدد ہینڈ گرنیڈ، 10 عدد رائونڈز 9 ایم ایم پستول اور 5 عدد رائونڈز ایس ایم جی بھی برآمد کئے گئے۔ رینجرز اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام نوجوان جو غفور چھوٹو جیسے سرغنہ سے متاثر ہو کر جرائم میں ملوث یا منسلک ہیں ان کے لئے اس کی ہلاکت ایک مثال ہے، رینجرز ایسے عناصر کے خلاف سخت اور فوری کارروائی جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :