پاک سر زمین پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر صغیر احمد کی تاجر برادری کے ایک وفد سے پاکستان ہاؤس میں ملاقات

اس موقع پر ڈاکٹر صغیر احمد نے پاکستان کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال اور کاروباری حالات پر تشویش کا اظہار کیا آپریشن ردالفساد اور کراچی آپریشن سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے قابلِ تحسین ہیں

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) پاک سر زمین پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر صغیر احمد نے تاجر برادری کے ایک وفد سے پاکستان ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹر صغیر احمد کو وفد کے اراکین نے تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر صغیر احمد نے پاکستان کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال اور کاروباری حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد اور کراچی آپریشن سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے قابلِ تحسین ہیں لیکن معیشت کی مکمل بحالی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اب بھی انفرااسٹرکچر کی بحالی، روپے کی قدر مستحکم اور کرپشن کے خاتمے جیسے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لیے ہمیں ترقی یافتہ اقوام کے اپنائے ہوئے ضابطوں اور قوانین کو اپنانا ہوگا۔

حکومت کو ٹیکس موصول کرنے کے نظام کو جدید اور مؤثر بناتے ہوئے ٹیکس نیٹ بھی بڑھانا ہوگا تاکہ ملک بھر کے ٹیکس دہندگان پر ٹیکسز کا بوجھ کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خام مال، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ضرورت ہے۔ جس کے لیے حکومت وقت کو سستی بجلی کے مزید منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام تر اقدامات کے ساتھ حکومت تاجروں کی عالمی منڈی تک رسائی کو آسان اور نوجوانوں کی تکنیکی صلاحیتوں اور فنی تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر نئی نسل کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکتی ہے۔#