نیشنل پریس کلب کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

چیمبر کے ساتھ مل کر اسلام آباد فیسٹیول منعقد کرنے پر غور

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے ایک وفد نے صدر شکیل انجم کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیااور چیمبر کے ساتھ مل کر کاروباری و صحافی برادری کے مفادات کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنیلسٹس کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ چیمبر اور پریس کلب مل کر اسلام آباد فیسٹیول منعقد کرنے پر غور کریں جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا جبکہ عوام کو اشیاء مناسب دام پر ملیں گی۔

انہوںنے کہا کہ دونوں ادارے ماہ رمضان اور دیگر اہم مواقعوں پر سستی سیل والی فیسٹیول لگانے کے امکانات پر بھی غور کریں تا کہ عوام کو ریلیف ملے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمبر اور پریس کلب مشترکہ طور پر بجٹ سمینارز اور صحافی برادری کیلئے تربیتی پروگراموں کا انعقاد کرنے کی کوشش کریں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ چیمبر موسم بہار میں اسلام آباد میں ایک صنعتی نمائش لگانے پر غور کر رہا ہے اور نیشنل پریس کلب کو اس کا میڈیا پارٹنر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تاجر وصنعتکار اور صحافی برادری معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ چیمبر و پریس کلب مشترکہ طور پر بجٹ، تجارتی پالیسی اور دیگر اہم معاشی پالیسیوں کے بارے میں مثبت تجاریز حکومت کو پیش کرنے کی کوشش کریں تا کہ کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا ہوں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر نیشنل پریس کلب کے ممبران کے مفادات کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار احمد مرزا نے کہا کہ نیشنل پریس کلب و صحافی برادری صنعت وتجارت کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں چیمبر کے ساتھ کافی تعاون کر رہے ہیں جس کیلئے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب آئندہ بھی تاجر برادری کے مسائل کو اجاگر کرنے میں تعاون کرے جس سے مسائل جلد حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد کے معاملات پر معاشرے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے اور معیشت کے اہم مسائل کی نشاندہی کرنے میں مفید کردار اداکر رہے ہیں جو قابل تعریف ہے۔نیشنل پریس کلب کے سینئر نائب صدر نوید اکبر، نائب صدر محترمہ مائرہ عمران اور سیکرٹری جنرل عمران ڈھلن نے کہا کہ چیمبر اور پریس کلب معاشرے کے مفاد میں کئی شعبوں میں جوائنٹ وینچرز شروع کر سکتے ہیں لہذا وہ ا س سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائیں جس سے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔

محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، چوہدری اسحاق، محترمہ فرح ناز، محترمہ ناصرہ علی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ان شعبوں کی نشاندہی کی جن میں چیمبر اور پریس کلب مل کر اپنے ممبران کے مفادات کے فروغ اور معاشرے کی بہتری کیلئے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :