مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا امن اور ترقی ہے،ترقی کے اس سفر کو بدامنی اور انتشار کی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائیگا،چودھری رفعت ایڈووکیٹ

عمران خان شریف خاندان کی دشمنی میں اس قدر آگے نکل چکے ہیں کہ انہیں پاکستان کے مفادات کا ذرا بھی خیال نہیں،ڈپٹی میئر

جمعرات 19 اکتوبر 2017 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آباد کے رہنما و ڈپٹی میئر اسلام آباد چودھری رفعت جاوید نے کہاکہ ہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کا ایجنڈا امن اور ترقی ہے ،ترقی کے اس سفر کو بدامنی اور انتشار کی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائیگا۔جاری بیان میں ملک سجاد نے مزید کہاکہ ترقی کے مخالفین کو اقتصادی راہداری منصوبہ ہضم نہیں ہورہا،وزیراعظم میاں نوازشریف عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں،ملکی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا،وزیراعظم کی دلیرانہ پالیسیوں سے ملک کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،جھوٹے الزام لگانے والے مخالفین کے اپنے قول وفعل میں تضاد ہے، عمران خان کا دہرا معیار عوام بخوبی جانتے ہیں، تحریک انصاف کے قائدین اقتصادی راہداری کی طرح یہ اعتراف بھی جلد کرلیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان اور ٹرمپ کی سوچ یکساں ہے ،ٹرمپ مسلمان دشمنی میں کچھ بھی کرنے کیلئے تیار ہیں اور دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں اسی طرح عمران خان میاں نوازشریف دشمنی میں اس قدر آگے نکل چکے ہیں کہ انہیں پاکستان کے مفادات کا ذرا بھی خیال نہیں ہے،جس سے ملک میں جمہوریت اور امن وامان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ عمران خان عوامی فلاح و بہبود کی خاطر نہیں بلکہ ایک طالع آزما کے طورپر سیاست کے میدان میں اترے ہیں، عمران خان کاروز روز کا ڈرامہ اب کسی کام کا نہیں رہا، آئندہ انتخابات کے اعلان تک عمران خان کی کشتی میں صرف فصلی بٹیرے سوار ہوں گے،ناقص پالیسیوں کے باعث عمران خان کو پارٹی کے بانی ارکان خیرباد کہہ رہے ہیں چند مفاد پرست عناصر نے عمران خان کی آنکھوں پر کالا کپڑا لگا رکھا ہے۔

ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید نے کہاکہ میاں نوازشریف مقبول رہنما ہیں اور عوام ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں انکے خلاف سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی اور 2018ء کے انتخابات میں وہ ایک بارپھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :