نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کرنے کاالزام، ایس ایس پی کوٹلی نے ایس ایچ او تھانہ کوٹلی کو لائن حاضر کردیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:01

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کرنے کاالزام، ایس ایس پی کوٹلی نے ایس ایچ او تھانہ کوٹلی کو لائن حاضر کردیا۔ہاؤسنگ سکیم میں منعقدہ شادی کی تقریب میں اہل خانہ اور شرکاء نے فائرنگ اور آتش بازی کی تھی،ایس ایچ اوسردار افتخار نے موقعہ پر پہنچ کر ایکشن لیتے ہوئے پروگرام بند کروا دیا تھا ۔

ایس ایس پی نے موقف اختیار کیا صرف پروگرام نہیں قانون شکنوں کو بھی بند کیا جانا چاہیے تھا ، ایس ایچ او نے ذمہ داران کے خلاف پرچہ درج نہیں کیا اس لیے اُسے لائن حاضر کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ہاؤسنگ سکیم میں شادی کی تقریب کے دوران ضلعی انتظامیہ کی اجازت سے جاری شعر خوانی کی محفل میں آتش بازی کی گئی جس پر انتظامیہ نے دفعہ144نافذ کر رکھا ہے تو کوٹلی پولیس حرکت میں آگئی۔

(جاری ہے)

تھانہ پولیس کوٹلی کے ایس ایچ او سردار افتخار نے موقعہ پر پہنچ کر نہ صرف آتش بازی بند کروادی بلکہ وہاں جاری شعرخوانی(میوزک) کا پروگرام بھی لپیٹ دیا۔ ایس ایچ او کوٹلی سردار افتخار نے تمام کام قانون کے مطابق عمل میں لایا کیونکہ ضلعی انتظامیہ نے شعر خوانی کے جس پروگرام کی اجازت دے رکھی تھی اُس کی شرائط میں یہ اہم شرط بھی شامل تھی کہ اگر محفل میں کسی قسم کا غیر قانونی کام کیا گیا تو قانون حرکت میں آئے گا، شعرخوانی کی محفل میں آتش بازی کا مظاہرہ قانون کی صریحاً خلاف ورزی تھی جس پر جو کارروائی بنتی تھی تھانہ پولیس کوٹلی نے کردی۔

پولیس کی جانب سے کارروائی کرنے کے باوجود ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ایس ایچ اوتھانہ پولیس کوٹلی سردار افتخار کو لائن حاضر کرکے ایڈیشنل ایس ایچ او طاہر ایوب کو تھانہ پولیس کوٹلی کاانچارج مقرر کردیا۔ ایس ایس پی کوٹلی نے ایس ایچ اوتھانہ کوٹلی کے خلاف کارروائی میں موقف اختیار کیا کہ سردار افتخار نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کوگرفتار کرکے مقدمہ درج کرنا چاہیے تھا ،قانون شکنوں کورعائت دی گئی اس لیے ایس ایچ او کو لائن حاضر ہونے کا حکم دیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :