قائداعظم یونیورسٹی طلباء کے احتجاج کے باعث تین ہفتے بند رہنے کے بعد کھل گئی

یونیورسٹی انتظامیہ، طلباء کے نمائندوں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے فیسوں میں 10 فیصد اضافے کا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) قائداعظم یونیورسٹی طلباء کے احتجاج کے باعث تقریباً تین ہفتے بند رہنے کے بعد جمعہ کو دوبارہ کھل گئی۔ تدریسی عمل پیر سے شروع ہوگا۔ یونیورسٹی گزشتہ تین ہفتوں سے طلباء کے مختلف گروپوں کے احتجاج کے باعث بند تھی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز یونیورسٹی انتظامیہ، طلباء کے نمائندوں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد اسے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مذاکرات میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے فیسوں میں 10 فیصد اضافے کا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا۔ طلباء اور اساتذہ نے یونیورسٹی میں تدریسی سرگرمیوں کے بحال ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے بند ہونے سے طلباء کے تعلیمی سمسٹر کے ضائع ہونے کا خدشہ تھا، انہیں خوشی ہے کہ مذاکرات سے اس مسئلہ کا تلاش کیا گیا۔