Live Updates

حکومت غریب بچوں کو جدید دور سے ہم آہنگ معیاری تعلیم کی فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، محمد عاطف خان

عوام کی جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،مستقبل پی ٹی آئی کا ہے ،اگلے الیکشن میں عوام عمران خان کو ہی ملک کا وزیر اعظم بنائینگے ، وزیر تعلیم خیبرپختونخوا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 17:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم غریب عوام کے بچوں کو جدید دور سے ہم آہنگ معیاری تعلیم کی فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ غریب کا بچہ بھی مقابلے کی دوڑ میں ایلیٹ کلاس کا مقابلہ کرسکے اس مقصد کے لیے صوبے کے تمام ہائی اور ہایئر سیکنڈری سکولوں میں جدید ترین آئی ٹی لیب بنائے جارہے ہیں ۔

وہ گورنمنٹ ہایئر سیکنڈری سکول کٹہ خٹ میں کمپیوٹر لیب کے افتتاح کے موقع پر طالب علموں اور علاقے کے لوگوں سے بات چیت کررہے تھے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرمردان اعجاز علی ،اے ڈی اوز ابضار خان اور خالد خان کے علاوہ ضلع کونسل کے ارکان وقار خان، شیر بہادر خان ،شاہد باچہ اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی ای او اعجاز علی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ضلع مردان میں 55 مردانہ ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں کمپیوٹر لیبزقائم کیے جاچکے ہیں جبکہ 87 مزید بنائے جائیں گے ۔

محمد عاطف خان لیبارٹری میں کمپیوٹر سیکھنے والے بچوں سے بات چیت کی اور ان کی مہارت سے متاثر ہوئے ۔اُنہوں نے کہا کہ ان بچوں میں سے اکثر پہلی بار کمپیوٹر استعمال کررہے ہیں اور چند ہی دنوں میں وہ کافی حد تک اس کا استعمال سیکھ چکے ہیں جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے بچوں کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں ہائی اور ہایئر سیکنڈری سکولوں میں کمپیوٹرلیبارٹریاں قائم کی جارہی ہیں تاکہ سرکاری سکولوں میں بچے جدید دور کی اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اُٹھا سکیں ۔

۔بعد ازاں دوبئی اڈہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا کہ عوام کی جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ہماری حکومت سے پہلے صوبے میں امن وامان کی حالت ایسی تھی کہ دہشت گردی عروج پر تھی جبکہ ڈاکوؤں اور رہزنوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا تھا ۔نوکریاں ،تھانے اور پٹوار خانے بکتے تھے اور لوگ بھتہ خوروں کے رحم وکرم پر تھے ۔

کرپشن ہر شعبہ زندگی میں رچ بس چکی تھی ۔ ہماری حکومت نے پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا اور عوامی مفاد میں ایسی قانون سازی کی کہ سرکاری ادارے عوام کے سامنے جوابدہ بن گئے ہیں ۔بھرتیوں میں کرپشن کا خاتمہ کردیا گیا اور خالص اور صلاحیت کی بنیاد پر نوکریاں فراہم کی گئیں اور ملک کی تاریخ میں پہلی بار غریب اور کو ئی سفارش نہ رکھنے والے بھی اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیے گئے ۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اتنی زیادہ تھی کہ سائیکل پر آنے والے ایم پی اے ،ایم این اے اور وزیر لینڈ کروزروں میں پھرنے لگے ۔یہ عناصر ایک بار پھر تماشہ لگانے نکلے ہیں لیکن عوام ان کو بخوبی جان چکے ہیں ۔مستقبل پی ٹی آئی کا ہے اور اگلے الیکشن میں عوام عمران خان کو ہی ملک کا وزیر اعظم بنائینگے جو عوام کے اُمنگوں کو پورا کریں گے ۔لٹیروں کا احتساب ہوگا اور حقدار کو اس کا حق ملے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ اس حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کا مکمل کئے گئے ہیں ۔اجتماع سے قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان اور حامد زمان نے بھی خطاب کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات