کو ئٹہ ،مرکزی شاہراہ جناح روڈ کٹنگ سے متعلق درخواست کی سماعت، عدالت نے متعلقہ چیف انجینئر کو طلب کر لیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 23:12

کو ئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے کوئٹہ شہر کے مرکزی شاہراہ جناح روڈ کی کٹنگ سے متعلق چیف انجینئر اور متعلقہ ایکسین کو طلب کرلیاہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کوئٹہ شہر میں تجاوزات ،سڑکوں کی توسیع اور دیگر سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران سینئر قانون دان سیدنذیر آغا ایڈووکیٹ نے بینچ کے ججز کی توجہ جناح روڈ کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہاکہ شہر کے مرکزی شاہراہ جناح روڈ کی کٹنگ کی گئی ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے مذکورہ شاہراہ کی دوبارہ مرمت کاکام نہیں کیاجارہا جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامناہے اس لئے عدالت اس سلسلے میں احکامات جاری کرے جس پر عدالت کے ڈویژنل بینچ نے کوئٹہ شہر کی مرکزی شاہراہ جناح روڈ کی کٹنگ اور اس کی مرمت میں تاخیر سے متعلق چیف انجینئر اور متعلقہ ایکسین کو طلب کرتے ہوئے سماعت کو ملتوی کردیاہے ۔

آئینی درخواست کی اگلی سماعت 6نومبر کو ہوگی اس موقع پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ملک عبدالطیف کاکڑ بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :