خادم پنجاب کسان پیکیج کے تحت 10 ماہ میں 1 لاکھ 73 ہزار چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضے دئیے گئے

ساڑھے 12 ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کیلئے 100 ارب کے بلا سود قرضے دئیے جارہے ہیں‘ترجمان محکمہ زراعت

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 13:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ خادم پنجاب کسان پیکیج کے تحت صرف 10 ماہ میں 1 لاکھ 73 ہزار چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضہ جات کی فراہمی کی گئی ہے ۔ خریف کے لیے 40000 روپے اور ربیع کے لیے 25000 روپے فی ایکڑ تک کے قرضہ جات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ساڑھے 12 ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کے لیے 100 ارب روپے کے بلا سود قرضے دیے جارہے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں 6 لاکھ کسانوں کو قرضہ جات کی فراہمی کی جائے گی۔5 ایکڑ زمین کے کاشتکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر قرضہ جات کی فراہمی کی جارہی ہے ۔پچھلے قرضہ کی بروقت ادائیگی پر آئندہ فصل کے لیے بھی بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔کاشتکاروں کو رجسٹریشن کے بعد سٹاف کی جانب سے ٹوکن جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں ہے۔

اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں متعلقہ کاشتکار سے بینک اور متعلقہ ادارے کی جاعنب سے مزید کاروائی کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔کاشتکار تحصیل اراضی ریکارڈ سینٹر میں اصل شناختی کارڈ، موبائل نمبر اور زمین کی تفصیل کے ہمراہ تشریف لائیں۔مزارعین اور ٹھیکیداران بھی اس سکیم کے تحت قرضہ حاصل کرسکتے ہیں۔رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں30 نومبر 2017 تک توسیع کر دی گئی ہے۔

اخوت، نیشنل رول سپورٹ پروگرام ، زرعی ترقیاتی بینک ، نیشنل بینک آف پاکستان اور ٹیلی نار بینک سے قرضہ لیا جاسکتا ہے۔بے زمین کاشتکار قرض کے لئے قریبی اخوت سینٹر یا نیشنل رول سپورٹ پروگرام سے رابطہ کریں۔مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے پنجاب زرعی ہیلپ لائن 0800-29000,0800-15000 پر صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک کال کریں ۔

متعلقہ عنوان :