جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ظلم و جبر اور کرپشن کے دروازے بند کر دے گی،صابرحسین اعوان

پانامہ لیکس ملکی تاریخ کا بڑا سکینڈل ہے جسے سازش کے تحت دبانے کی کوششیں کی جارہی ہے، واصل فاروق خان چمکنی

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 18:46

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان اور نامزداُمیدوار این اے فور واصل فاروق خان چمکنی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ظلم و جبر اور کرپشن کے دروازے بند کر دے گی،پانامہ لیکس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے جسے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دبانے کی کوششیں کی جارہی ہے۔

وہ ہفتہ کو این اے فور میں مختلف جلسوں سے سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسوں سے سابق ممبرصوبائی اسمبلی جاوید مومند ، سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم چشتی ، سید عابدعلی شاہ اور دیگر ذمہ داران نے بھی جلسوں سے خطاب کیا ۔جلسوں سے خطاب کے ہوئے قائدین جماعت اسلامی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں تبدیلی ، ترقی و خوشحالی کے لیے نوجوان نسل کا کردار اہم ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عدالتوں کے اندر اور باہر کرپشن کے خلاف جنگ لڑرہی ہے اگر حکمران ایوان کے اندر کرپشن کے خلاف کوئی نظام نہیں بننے دیں گے تو عوام چوکوں اور چوراہوں میں لیٹروں کا محاسبہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے کوشاں ہے ہماری ساری جدوجہد کا مقصد عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہے، جب تک عام آدمی کو اس کے حقوق نہیں ملیں گے معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور بدامنی کا خاتمہ نہیں ہو سکتا ۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے اوپر سے لے کر نیچے تک کرپٹ عناصر کھلے عام دندناتے پھرتے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں اور پانامہ لیکس میں بے نقاب ہونے والے حکمران کبھی کرپشن کا قلع قمع کرنے میں سنجیدہ نہیں ہو سکتے ۔

متعلقہ عنوان :