مسلمانوں کی عظمت کے لیے تقویٰ اور علم ازحد ضروری ہے، شاہنواز فاروقی

دلوں کو فتح کرنے کیلئے علم وحکمت کی ضرورت ہے ،جماعت اسلامی خواتین شعبہ نشرواشاعت کے تحت تربیت گاہ سے خطاب

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) شعبہ نشرواشاعت کے تحت ادارہ نورحق میں میڈیا اور سوشل میڈیا سے وابستہ ذمہ داران اور کارکنان کی ایک روزہ تربیت گاہ کا انعقاد کیا گیا ۔ تربیت گاہ سے معروف دانشور اور تجزیہ نگار شاہنواز فاروقی ، ناظمہ کر اچی فرحانہ اورنگزیب ، نگراں نشرواشاعت مہر افشاں، نگراں سوشل میڈیا شبانہ نعیم ، سوشل میڈیا ایکٹیویٹ اسریٰ غوری اور دیگر نے خطاب کیا۔

تربیت گاہ میں الیکشن 2018کے حوالے سے تیاریوں اور لائحہ عمل کے حوالے سے مختلف تجاویز اور آراء پیش کی گئیں ۔ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہنواز فاروقی نے کہا کہ مسلمانوں کی عظمت کے لیے تقویٰ اور علم ازحد ضروری ہے اور ایک تحریک کے کارکن کو بھی خود کو ان اوصاف سے مالا مال کرنا چاہیئے ، علم انبیاء کی وراثت ہے ، اہل دنیا کو مال و زر سے محبت ہوتی ہے ، عسکری طاقت کے ذریعے جغرافیہ تو فتح کیا جاسکتا ہے مگر دل و دماغ کو فتح کرنے کے لیے علم وحکمت کی ضرورت ہوتی ہے ، تقویٰ اختیار کرنے سے اللہ کی قربت اور مدد ضرور ملتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم جس تحریک اور جماعت سے وابستہ ہیں اس کی بنیاد لٹریچر اور علم ہے ، ایک اچھے لکھاری کے لیے بھی علم بہت ضروری ہے ، ہمیں خود کو حالات حاضرہ اور اپنے ارد گرد کے حالات اور ضروریات کے بارے میں پوری طرح سے باخبر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ فرحانہ اورنگزیب نے کہا کہ بہترین منصوبہ بندی اور نظم جماعت کے تعاون اور اطاعت سے مشکل سے مشکل کام بھی آسانی سے ہوجاتے ہیں ۔ ایک داعی کے لیے ہر محاذ پر علم اور تعلق باللہ مؤثر قوت اور ہتھیار ہیں بالخصوص نشرواشاعت سے وابستہ افراد کو ان امور پر بہت زیادہ توجہ دینی چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :