پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018ء کے عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر حصہ لے گی‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر جاوید عباسی کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 21:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر جاوید عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018ء کے عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر حصہ لے گی۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت کے تمام اراکین محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ حلقوں میں عوامی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے تمام تر تحفظات کے باوجود ملکی آئین و قانون کی بالادستی کے لیے عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل درآمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور قومی اداروں کی مضبوطی کے لیے کام کیا ہے۔ سینیٹر جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ تمام دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی قومی اداروں کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیئے۔