حکومت کا ڈالر کی قدر کم کرنے کا فیصلہ لائق تحسین ہے،عاطف اکرام شیخ

اتوار 22 اکتوبر 2017 12:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے امریکی ڈالر کی قدر کم کرنے کا فیصلہ ملکی مفادات کے عین مطابق اور لائق تحسین ہے جس پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جائے۔ حکومت کی جانب سے روپے کی قدر کم کرنے کی افواہوں کی وجہ سے عوام نے ڈالر جمع کرنا شروع کر دئیے تھے جس سے اسکی طلب میں اضافہ ہوا تھا جبکہ سیاسی رسہ کشی، تجارتی خسارے اور بعض عالمی اداروں کی رپورٹوں نے بھی اس رجحان کوہوا دی۔

گزشتہ تین ماہ میں عوام نے کھلی منڈی سے آٹھ سو ملین سے زیادہ کے ڈالر خریدے جس سے بحران جیسی کیفیت پیدا ہو گئی تاہم اب حکومت نے ڈالر کی قدر کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

(جاری ہے)

عاطف اکرام شیخ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ چند روز میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے کا اضافہ ہوا ہے اور یہ اس وقت کھلی منڈی میں ڈالر ایک سو سات روپے پچپن پیسے کا بک رہا ہے جبکہ حکومت نے اسے کمزور کر کے اسکی قدر میں کم از کم ایک روپے کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

ابتدائی طور پر اسکی قدر میں پچاس سے پچپن پیسے کی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکے بعد مزید کمی کی جائے گی۔ اس وقت انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر ایک سو پانچ روپے پچاس پیسے کا ہے اور انٹر بینک مارکیٹ اور کھلی منڈی کی قیمت میں ایک روپے سے زیادہ کا فرق نہیں ہونا چائیے۔انھوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کی جانب سے روپے کی قدر میں کمی کا مطالبہ درست نہیں کیونکہ اس سے برآمدات میں اضافہ نہیں ہو گا بلکہ افراط زر بڑھے گا جس سے ملک بھر کے عوام متاثر ہوں گے ۔ترسیلات زروصول کرنے کیلئے دو غیر ملکی کمپنیوں اور بینکوں کے ساتھ کرنسی ڈیلرز کو بھی اجازت دی جائے۔ اس سلسلہ میں ہر شہر میں اچھی شہرت کے حامل کرنسی ڈیلرز پر مشتمل کمپنیاں بنائی جائیں۔

متعلقہ عنوان :