قومی ٹیم گرینڈ سلام میں شرکت کے لئے 25 اکتوبر کو ابوظہبی روانہ ہوگی

اتوار 22 اکتوبر 2017 13:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) 5رکنی قومی ٹیم گرینڈ سلام میں شرکت کے لئے 25 اکتوبر کو ابوظہبی روانہ ہوگی۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان کے مطابق گرینڈ سلام 25 سے 29 اکتوبر تک ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس میں3کھلاڑی اور 2افیشلز شرکت کریں گے۔ کھلاڑیوں میں قیصر خان،امتیاز حسین اور قاسم علی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ افیشلز میں پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سینئر نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر فرخان عبادت یارخان ٹیم منیجر اورسندھ جوڈو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد رفیق بطور کوچ ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ایونٹ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم25اکتوبر کو ابوظہبی روانہ ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑی اپنے اپنے ڈیپارٹمنٹ میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور کوچز انہیں جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ گرینڈ سلام میں دنیا بھر سے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ میگا ایونٹ کیلئے نامور کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ گرینڈ سلام میں قومی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اچھے نتائج حاصل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :