پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین آزادانہ تجارتی معاہدہ بارے مذاکرات کا نواں دور6 سے 8 نومبر کو منعقد ہوگا،چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات جنوری کے ابتدائی ہفتے میں منعقد ہونگے،حکومت تجارت کے فروغ کے ضمن میں مسابقتی ماحول فراہم کرنے کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے، تجارت کے فروغ کیلئے مقامی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی جاری ہے

وفاقی سیکرٹری تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری محمد یونس ڈھاگہ کی’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

اتوار 22 اکتوبر 2017 14:40

ْ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) وفاقی سیکرٹری تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری محمد یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر مذاکرات کا نواں دور6 سے 8 نومبر کو منعقد ہوگا،چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات جنوری کے ابتدائی ہفتے میں منعقد ہونگے،حکومت تجارت کے فروغ کے ضمن میں مسابقتی ماحول فراہم کرنے کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے، تجارت کے فروغ کیلئے مقامی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی جاری ہے ۔

یہ بات انہوں نے اتوارکو’’اے پی پی‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور برآمدات کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے،دنیا کے مختلف خطوں میں نئی منڈیوں کی تلاش ہمارا مطمع نظر ہے اور اس مقصد کیلئے مسابقتی ماحول کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیاء میں ممکنہ منڈیوں سے استفادہ کرنے کیلئے پاکستان نے ویت نام اورانڈونیشیا کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدوں پر ابتدائی مذاکرات شروع کردیئے ہیں، پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر مذاکرات کا نواں دور6 سے 8 نومبر کو منعقد ہوگا، ان مذاکرات میں ایف ٹی اے پر حتمی معاہدے تک پہنچنے کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ آٹو موبائل اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں آفرلسٹوں کا تبادلہ کریں گے تاکہ ان شعبوں میں تجارت سے متعلق تحفظات کا ازالہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل ، زرعی مصنوعات، پلاسٹک اور فارما سیوٹیکل شعبے کی100 مصنوعات پر رعایت کا خواہشمند ہے کیونکہ تھائی لینڈ نے کئی دیگرممالک کو ان مصنوعات پر رعایتیں دی ہیں۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ چین نے 65 پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈیوں تک رسائی دینے پرآمادگی کا اظہارکیا ہے۔ اس کے علاوہ آفر لسٹ میں شامل دیگر آئٹمز پربھی رعایتیں دی جائیں گی، چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات جنوری کے ابتدائی ہفتے میں منعقد ہونگے، ہماری خواہش ہے کہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات سے قبل65اشیاء پرڈیوٹی کی چھوٹ دی جائے۔

میرین انشورنس بل 2017ء سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کی منظوری سے قبل پاکستان کے پاس میرین انشورنس کے حوالے سے کوئی قانون نہیں تھا اور تجارت برٹش میرین ایکٹ مجریہ 1906ء کے تحت ہورہی تھی ۔