محمد علی جناح یونیورسٹی میں بزنس کے نئے آئیڈیاز پیش کرنے کے مقابلہ کے پروگرام شارکس بنک کا کامیاب انعقاد

ماجو اور شہر کی دیگر یونیورسٹیوں کی جانب سی22مجوزہ پراجیکٹس پیش کئے گئے جن میں 3 قابل عمل قرار دئے گئے،ڈاکٹر زبیر شیخ

اتوار 22 اکتوبر 2017 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا ہے کہ آج کے دور کا نوجوان طبقہ کیا سوچ رہا ہے ہمیں یہ دیکھنا ہوگا ،اگر وہ نئے آئیڈیاز کے ساتھ اپنا بزنس شروع کرنا چاہتا ہے تو ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ان کا سرمایہ کاروں کے ساتھ اشتراک کار کے سلسلے میں انکی رہنمائی کریں تاکہ وہ خود کو ایک کامیاب بزنس مین ثابت کر سکیں۔

انہوں کہا کہ اسی سوچ کو آگے بڑھانے کے لئے ہم نے محمد علی جناح یونیورسٹی میں طلبہ کی جانب سے بزنس کے نئے آئیڈیاز پیش کرنے کا پروگرام شارکس بنک کا پروگرام اس بار کراچی کی سطح پر کرایا ہے جس میں سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی جس کی وجہ سے یہ بہت کامیاب پروگرام ثابت ہواہے اور اب اس سلسلے کا ہم اگلا پروگرام ملکی سظح پر کرینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام یونیورسٹی کیمپس میں ماجو سمیت کراچی کی دیگر اہم جامعات کے طلبہ و اساتذہ کی جانب سے بزنس کے نئے اور قابل عمل آئیڈیاز پیش کرنے کے مقابلہ کے پروگرام شارکس بنک کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں طلبہ و اساتذہ نے مختلف کاروبار شروع کرنے کے 22 مجوزہ پراجیکٹس پیش کئے جن میں طالبہ رمشا نشاط کی جانب سے کمپیو ٹر کے ذریعے گھر بیٹھے پلمبر،الیکٹریشن،کارپینٹر اور دیگر کاریگرز کی فراہمی ،طالب علم فرحان علی کا ٹی بی کے مریضوں کے علاج کے لئے موبائل ڈاکٹر سروسز کی دستیابی اور ماجو کے سینئر فیکلٹی ممبر ڈاکٹر کاشف اسحاق کے سولر انرجی کے شعبہ میںا سمارٹ مائیکرو انورٹڑ کی تیاری کے پراجیکٹس قابل عمل قرار دیکر ان پر مزید کاروائی کی منظوری دی گئی۔

داود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹرفیض اللہ عباسی، شاہ لطیف یونیورسٹی خیر پورکے پرو وائس چانسلرڈاکٹر نور احمد شیخ،ممتاز ٹیکنو کریٹ و بزنس مین ڈاکٹر منیر قریشی اور ماجو کے ڈائیریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر روشن شیخ نے ججز کے فرائض انجام دئے اور طلبہ و اساتذہ سے انکے آئیڈیاز پر مختلف سوالات کئے۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے اس موقع پر بتایا کہ طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے مدد فراہم کرنے کے لئے ماجو میں ایک بزنس انکوبیشن سینٹر پہلے ہی قائم کیا جاچکا ہے جبکہ دوسرا بزنس انکوبیشن سینٹر جلد کام شروع کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ہم نے محمد علی جناح یونیورسٹی میں تین بزنس کلینکس بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جن پہلا بزنس کلینک ہو گا جہاں طلبہ کو بتایا جائے گا کہ بزنس کے آئیڈیاز پر کسطرح کام کرکے انکو قابل عمل بنایا جاسکتا ہے،دوسر آئی ٹی کلینک گا جس میں طلبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں کامیابی کے ساتھ کاروبار کرنے میں رہنمائی کی جائے گی اور تیسرا کلینک سائینس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں کاروباری معلومات فراہم کر یگا۔

انہوں نے کہا کہ شارکس بنک طرز کا پروگرام کسی بھی یونیورسٹی کی جانب سے پیش کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا واحد پروگرام ہے جس سے طلبہ کو انکی عملی زندگی میں قدم رکھتے وقت اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے مکمل رہنمائی اور تعاون حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ کی اکثریت کی جانب سے کاروبار شروع کرنے کی جانب راغب ہونے پر ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال بہتر بنانے میں بھی بڑی مدد ملے گی اور ہم قومی ترقی و خوشحالی کے سفر کی جانب گامزن ہوسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :