ملک و قوم کی بہتری کیلئے حکمرانوں کا دیانتدار ہونا ضروری ہے، علامہ شاہ عبد الحق

جما عت اہلسنّت کی دعوت حلیم میں ایم کیو ایم،پیپلز پارٹی،جے یو پی،پی ایس پی ،پی ٹی آئی کی شرکت

اتوار 22 اکتوبر 2017 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہاکہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکمرانوں کا دیانت دار ہونا ضروری ہے۔ ادارے اپنا کام درست کریں تو نظام بہتر ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں مسائل کے انبار ہیں حًل میں حکومتیں ناکام نظر آتی ہیں، دعوؤں اور بیانات سے آگے بڑھ کر شہر کی بہتری کے لئے عملی اقدامات کر نا ہوں گے ۔

کراچی ہم سب کا ہے شہر کی ترقی ، فلاح و بہبود کیلئے تمام سیاسی و مذہبی طبقات اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے کچھی میمن ہال پاکستان چوک میں جما عت اہلسنّت کی دعوت حلیم میں اظہار خیال کر تے ہوئے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے پاکستان کے استحکام و امن اور دہشت گردی کے خلاف تمام اقدامات کی جما عت اہلسنّت بھر پور حما یت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

شاہ عبد الحق نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں اہلسنّت سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ہم نے اہلسنّت کے درمیان اختلافات کو دفن کر دیا ہے باہمی اتحاد کیلئے سب سے رابطے اور ملاقاتیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شھر میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے ،ربیع الاول میلاد النبی سے قبل انتظامی ادارے میلاد آرگنائزر تنظیمات سے اجلاس کر کے شھر کے بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے متحرک ہو جائیں۔

دعوت حلیم میں ایم کیو ایم کے عبد الحسیب، جاوید احمد ،ناصر یامین،پیپلز پارٹی کے نجمی عالم،راشد ربانی،وقار مہدی،پاک سر زمین پارٹی کے وسیم آفتاب،جمعیت علماء پاکستان کے مفتی غوث صابری،پاکستان سنی تحریک کے شاہد غوری،آفتاب قادری،مسلم لیگ ق کے طارق حسن،پی ٹی آئی کے حماد پونا والا، فرید خان ، پاکستان فلاح پارٹی کے مجید سلطانی ،تحریک عوام اہلسنّت کے عاطف حنیف بلو ، کالم نویس اعظم عظیم، سید عبد القادر شیرازی،علامہ نسیم صدیقی،قاضی نو ر الاسلام ،عبد الحفیظ معارفی،رفیق شاہ،مفتی ناصر خان، الطاف قادری ،غفران احمد ،شفیع رانا ،عبد اللہ خلصائی اور بڑی تعدا د میں صحافی بھی شریک تھے۔