پیپلز پارٹی کا متحدہ کی ٹوٹ پھوٹ سے کوئی تعلق نہیں،ایم کیو ایم کو جنہوں نے بنایا وہی اسے توڑ رہے ہیں‘چودھری منظور

آئندہ عام انتخابات میں نظر آتی شکست ایم کیو ایم کی قیادت کی بوکھلاہٹ کی اصل وجہ ہے‘پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات

اتوار 22 اکتوبر 2017 18:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا متحدہ کی ٹوٹ پھوٹ سے کوئی تعلق نہیں،ایم کیو ایم کو جنہوں نے بنایا وہی اسے توڑ رہے ہیں،ایم کیو ایم خود اپنے غیرسیاسی طرز عمل کی وجہ سے اندرونی انتشار کا شکار ہے۔چودھری منظور نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کے بیان پر رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ فاروق ستار اپنی ناکامیوں اور کسی اور کا غصہ پی پی پر نہ نکالیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پی پی پی نے کہا کہ ہماری جماعت پاکستان میں جمہوری نظام کی بانی ہے ہم جماعتوں کی توڑ پھوڑ میں نہیں جمہوری اور سیاسی عمل کے تسلسل میں یقین رکھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو پی ایس پی یا کسی اور جماعت میں بھیجنے کا پی پی کو کیا فائدہ ہوگا اصل حقیقت یہ ہے کہ کراچی کے عوام کے سامنے ایم کیو ایم بے نقاب ہو چکی ہے ،دہایوں سے ایم کیو ایم کے جال میں پھنسے عوام اب پی پی پی کی طرف دیکھ رہے ہیںاورآئندہ عام انتخابات میں نظر آتی شکست ایم کیو ایم کی قیادت کی بوکھلاہٹ کی اصل وجہ ہے۔