آصف علی زرداری نے 11سال قید کاٹی مگر الزام ثابت نہیں ہوا جس عدالت نے نواز شریف کو سزا دی ہے اسی عدالت نے آصف علی زرداری کو بے گناہ قرار دیکر پی پی پی کے دشمنوں کے عزائم کو ناکام کیا ہے ،ملک شاہد نواز ایڈوکیٹ

اتوار 22 اکتوبر 2017 18:12

ڈیرہ اسما عیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی بنوں کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ملک شاہد نواز ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بلاول بھٹو زرداری جس انداز سے ملکی معاملات پر اپنے رائے کااظہار کررہے ہیں وہ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ انہیں سیاسی، علاقائی اور جغرافیائی حالات کا مکمل ادراک ہے اور وہ اپنے نانا شہید زوالفقار علی بھٹو اور والدہ بے نظیر بھٹو شہید کے مثالی جا نشین کا کردار ادا کریں گے ڈیرہ میں پی ایس ایف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ملک شاہد نواز ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہمارے قائد آصف علی زرداری نے گیارہ سال قید کاٹی مگر ایک الزام ان پر ثابت نہیں ہوا جس عدالت نے میاں نواز شریف کو سزا دی ہے اسی عدالت نے آصف علی زرداری کو بے گناہ قرار دیکر پی پی پی کے دشمنوں اور در اصل پاکستان کے دشمنوں کے عزائم کو ناکام کیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان 1999سے حالت جنگ میں ہے اور عالمی قویں اس ملک کے خلاف تیزی سے متحرک ہیں ، انہی پاکستان دشمن قوتوں نے بی بی کو شہید کرایا کیو نکہ بی بی نے پاکستان کی سلامتی پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کردیا تھا، بی بی کی شہادت سے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ناکام بنادی تھی اور ثابت کردیا کہ واقعی پی پی پی وفاق کی علامت ہے اور وفاق کی یکجہتی پر یقین رکھی ہے انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کے ساتھ پی پی پی کی لڑائی کوئی نئی بات نہیں، ہمارے شہید قائد زوالفقار علی بھٹوامت مسلمہ کے قائد تھے ہماری ایٹمی طاقت کو اسلامی بم کا نام دیا گیا اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں بھٹو شہید کے کردار کو دنیا تسلیم کرتی ہے، عالم اسلام کی اسلامی سربراہی کانفرنس کے زریعے امت مسلمہ کو اکھٹا کرکے اسلامی بنک بنانے کی کو شش عالمی طاقتوں کو قبول نہیں تھی اور انہوں نے امت مسلمہ کے یکجا ہونے سے قبل ہی بھٹو کو شہید کرادیا اور پھر بھٹو شہید کے اسلامی بنک کے تصور کو یورپ نے یورو کی شکل میں اپنایا،انہوں نے کہا کہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ پاکستان کو درست انداز سے چلانے کی اہلیت اگر کسی پارٹی کی قیادت میں ہے تو وہ پی پی پی ہے جسکی قیادت کی پاکستان سے محبت اس بات کا ثبوت ہے کہ اس ملک میں پی پی پی کی قیادت کا نسل در نسل خون شامل ہے بے نظیر بھٹو شہید کی کراچی آمد کے موقع پر ہماری جماعت کے ایک ہزار کے قریب کارکن شہید اور زخمی ہوئے اور اس طرح انہوں نے بقائے پاکستان کے لیئے جانیں قربان کیں، اس ملک میں کسی جماعت کی قیادت اخلاقی گراوٹ کا شکار ہے تو کسی جماعت کی قیادت مالی کرپشن میں ملوث ہے مگر پی پی پی کی قیادت کا دامن صاف ہے، انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پانچ سالہ اقتدار میں مثالی روایات قائم کیں اور پاکستان دشمن قوتوں کے عزائم اور سازشوں کا ڈ ٹ کر مقابلہ کیا، خیبر پختونخواہ کی صورت میں ہمارے صوبے کو نام زرداری نے دیا، صوبائی خود مختاری تمام صوبوں کو دی گئی، نیٹیو سپلائی سات ماہ روک کر امریکہ کو معافی مانگنے پر مجبور کیا، شمسی ائیر بیس امریکہ سے خالی کرایا گیا، اور سب سے بڑا کارنامہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی صورت میں پاکستان کی ترقی کے نئے دور کا آغاز پی پی پی کے قائد آصف علی زرداری کا کارنامہ ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبہ میں عمران خان کی حکومت ہے اور انہی کا وزیر اعلی ایک ایگزیکٹو آرڈر سے آج نیٹو سپلائی بند کرسکتا ہے مگر آج انہیں نیٹیو سپلائی بند کرنے سے کوئی غرض نہیں ہے جبکہ ہمارے دور حکومت میں انہوں نے اسی سپلائی کے خلاف حیات آباد میں دھرنا دیا اور آج جب ایک حکمنامے سے یہ نیٹو سپلائی بند کر سکتے ہیں تو خاموش ہیں، انہوں نے کہا کہ مستقبل پی پی پی کا ہے اور پی پی پی کی قیادت ہی پاکستان کو ترقی خوشحالی کی جانب لیکر جائے گی۔