Live Updates

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں،فضل علی حقانی

اتوار 22 اکتوبر 2017 18:31

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) جے یو آئی( ف) کے مرکزی نائب امیر و سابق وزیر تعلیم مولانا فضل علی حقانی اور صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا راحت حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں اور اس کی واضح مثال اور ثبوت ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبہ ہے ،پنجاب حکومت نے میٹرو بس کے 28 کلومیٹر کے منصوبے پرپچیس ارب روپے خرچ کئے جبکہ صوبائی حکومت ریپڈ بس منصوبے پر 26 کلومیٹر کے منصوبے پر 53 ارب روپے خرچ کررہی ہے جو نصف سے زیادہ کرپشن کی واضح ثبوت ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں گائوں زروبی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس سے مرکزی کونسل کے رکن نورالاسلام ، تحصیل امیر مولانا حسین احمد اورمحمد ناظم نے بھی خطاب کیا ،انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت آئمہ کرام کو تنخواہیں جاری کرنا چاہتی ہے تو اس کے لئے بجٹ میں وافر مقدار میں فنڈ مختص کرے ،انٹرویو کرکے تقرری کے لئے تمام قانونی تقاضے پوری کرے ،تحریک انصاف کی صوبائی حکومت آئمہ کرام کے نام پر سیاست سے گریز کریں ،انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کی انتہا کردی گئی ہے ،197 ارب روپے کا قرضہ لے کر صوبے کی ترقی کے لئے کچھ بھی نہیں کیا ،بلین ٹری منصوبے میں بھی تاریخ ساز کرپشن ہوئی ،اساتذہ کی تنخواہوں کے لئے خزانے میں پیسے تک نہیں اسی طرح تعلیم ،صحت سمیت تمام اداروں کو تباہ کردیا گیا ،انہوں نے کہا کہ عالمی کفر مسلمانوں کی تہذیب پر حملہ آور ہے اور صوبائی حکومت کے ذریعے سیکولر اور یورپ کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے لیکن علماء اور جے یو آئی دین اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنادے گی ، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں تک دین ،قرآن و سنت علماء کرام ہی نے پہنچایا ہے لیکن عمران نیازی اور دیگر نے نہیں پہنچایا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات