مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے ، پارٹی میں دراڑ کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، عوام کی محمد نواز شریف سے جذباتی وابستگی میں اضافہ ہوا ہے ،عدالتی فیصلے پر محمد نواز شریف سے لوگوں کی ہمدردیاں بڑھی ہیں

وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’محاذ‘‘ میں گفتگو

اتوار 22 اکتوبر 2017 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے ، پارٹی میں کسی قسم کی دراڑ کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔ محمد نواز شریف کی قیادت میں مریم نواز، حمزہ شہباز اور ہم سب اکٹھے رہیں گے۔ عوام کی محمد نواز شریف سے جذباتی وابستگی میں اضافہ ہوا ہے ،عدالتی فیصلے پر محمد نواز شریف سے لوگوں کی ہمدردیاں بڑھی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) گزشتہ 10سال سے پنجاب میں عوام کی خدمت کر رہی ہے اور ہم پر عزم ہیں کہ آئندہ بھی عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔ سب سے آسان کام تنقید کرنا ہے اور اپوزیشن اسی کام کو جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’محاذ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کا عقیدہ ہمارے ایمان کی بنیاد ہے اور اس بنیاد سے ہٹنے والا شخص دائرہ اسلام سے ہی خارج ہو جاتا ہے۔ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمارا یہ ایمان ہے کہ نبی پاک ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری رسول اور نبی ہیں جو خاتم النبیین بھی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو وزیراعظم نہ بننے کا مشورہ ذاتی رائے کے طور پردیا جس پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے بھی میرے اس مشورے کی تائید کی۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہوئی، ان کی ناہلی بالکل نہیں بنتی تھی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر پارلیمنٹ کے رکن ہیں جنہوں نے اپنا موقف پیش کیا، آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں لگا سکتے اور یہی جمہوریت بھی ہے۔