مودی سن لومیں نے پورے یورپ میں آج برمنگھم سے کشمیر ویک کا آغاز کر دیا ہے ،ْ بیرسٹر سلطان

ونوں اطراف کے کشمیر لائن آف کنٹرول پر اکھٹے ہو کر لائن آف کنٹرول کو دیوار برلن کی طرح روند ڈالیں ،ْ سابق وزیراعظم مودی اور نواز کی تقسیم کشمیر کی سازش کو ہم ناکام بنا دیں گے ،ْ مودی کے چہرے سے رنگین نقاب اتار کر مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے ،ْخطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 19:55

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مودی سن لومیں نے پورے یورپ میں آج برمنگھم سے کشمیر ویک کا آغاز کر دیا ہے جس طرح آج برمنگھم میں ہزاروں لوگوں نے کشمیر ویک کاکامیاب آغاز کیا ہے اسی طرح میں روز یورپ کے کسی نہ کسی فورم پر دستک دیتا رہوں گا اس سے پہلے کہ جنوبی ایشیاء میں دو ایٹمی طاتقں کے درمیان کشیدگی بڑھے اور کشمیری اپنے حق سے محروم رہیں تمام کشمیری و پاکستانی 27 اکتوبر کو برلن ملین مارچ میں آزاد کشمیر کے ایک جھنڈے تلے جمع ہو کر شرکت کرکے یہ ثابت کر دیں کہ کشمیری اپنا حق چھین لیں گے اور دونوں اطراف کے کشمیر لائن آف کنٹرول پر اکھٹے ہو کر لائن آف کنٹرول کو دیوار برلن کی طرح روند ڈالیں ۔

(جاری ہے)

اب وقت آگیا ہے کہ دونوں اطراف کے کشمیری یہ ثابت دیں کہ وہ ایک ہیں اور لائن آف کنٹرول کو روند ڈالیں گے۔بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ جس سے ایل او سی کے قریب رہنے والے نہتے لوگ شہید و زخمی ہو رہے ہیں۔ عالمی برادری نے اگر اس جانب توجہ نہ دی تو تو اس ریجن میں کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

لیکن اب کشمیری فیصلہ کریں گے کہ وہ آزادی لے کر رہیں گے۔ برطانیہ کے کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ اسی لئے میں نے یورپ میں کشمیر ویک کا آغاز آج یہاں برمنگھم سے کیا ہے۔ ہم بھارت کو دفاعی کٹہرے میں لاکھڑا کریں گے۔ مودی اور نواز کی تقسیم کشمیر کی سازش کو ہم ناکام بنا دیں گے۔ نواز شریف تو اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے مودی کے چہرے سے رنگین نقاب اتار کر دنیا کے سامنے اسکا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں برمنگھم میں کشمیر ویک کے آغاز کے موقع پر ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جلسہ عام کی صدارت پی ٹی آئی کشمیر کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن بیرسٹر کرامت نے کی جبکہ جلسہ سے پی ٹی آئی برطانیہ سائوتھ زون کے صدر چوہدری حکمداد، نارتھ زون کے چوہدری مالک، بیرسٹر سلطان کے امریکہ اور یورپ کے کوارڈینیٹر چوہدری محمد شعبان، چڑہوئی سے پی ٹی آئی کشمیر کے امیدوار اسمبلی چوہدری شوکت فرید، آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن بشارت سلیم، باغ سے پی ٹی آئی کشمیر کے امیدوار شیخ مقصود، اوورسیز بورڈ کے ڈپٹی چئیرمین چوہدری ناظم گجر، ڈاکٹر مقصود ابدالی، چوہدری شبیرڈنکاسٹر،چوہدری اشتیاق لہڑی، چوہدری کرامت رٹہ،رئوف مغل، چوہدری غفور کھاڑک، چوہدری قدیر ڈڈیال، ظفر جرال، عارف کیروی کے علاوہ پی ٹی آئی کشمیر کی مڈلینڈکی برانچزکے صدور اور دیگر نمائندگان نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے برطانیہ سے کشمیر ویک کا آغاز اسلئے کیا ہے کیونکہ برطانیہ کے کشمیر یوں نے میرا پہلے بھی ساتھ دیا ہے اور اب بھی میرے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ میں نے پہلا ملین مارچ بھی لندن کے ٹرائفلگر اسکوائر سے کیا تھا اور دوسرا ملین مارچ نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے جبکہ پچھلے سال تیسرا ملین مارچ برسلز میں یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ کے سامنے کیا تھا اور اب 27 اکتوبر کو دیوار برلن پر چوتھا ملین مارچ کر رہا ہوں۔

برلن ملین مارچ کا انتخاب میں نے اسی لئے کیا ہے تاکہ دنیا مسئلہ کشمیر کو آسانی سے سمجھ سکے کیونکہ دیوار برلن اور لائن آف کنٹرول میں خاصی مماثلت ہے۔ یہ ملین مارچ دراصل لائن آف کنٹرول کو توڑنے کے ریہرسل ہے۔ اب وہ وقت دور نہیں جب آپار کے کشمیری اکھٹے ہو کر لائن آف کنٹرول کو توڑ کرایک دورسے بغل گیر ہو جائیں گے اور مقبوضہ کشمیرکو کو آزاد کرالیں گے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں بربریت کے خلاف آواز بلند کرتا ہوں اسلئے برلن مارچ کی آزاد کشمیر کی تمام جماعتوں نے حمایت کی ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر کے رہنماء بھی اسکی حمایت کر رہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ برلن وال پر اکھٹے ہو کر اس عہد کی تجدید کریں کہ کشمیر ایک دن لائن آف کنٹرول کو بھی توڑ ڈالیں گے۔