محمد نواز شریف ملک کے مقبول ترین رہنما ہیں،مسلم لیگ (ن) 2018ء کے عام انتخابات میں اپنی کار کردگی کی بنیاد پر حصہ لے گی،گورنر سندھ محمد زبیر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 23 اکتوبر 2017 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف ملک کے مقبول ترین رہنما ہیں اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے عوام نے سابق وزیراعظم کو منتخب کیا۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018ء کے آئندہ عام انتخابات میں اپنی کار کردگی کی بنیاد پر حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوں کی وجہ سے توانائی کے شعبے میں 34بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف کو اقامے پر نااہل قرار دیا گیا، حالانکہ دبئی میں ہزاروں ایسے پاکستانی رہتے ہیں جن کے پاس اقامہ موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کے لوگوں کے لیے بہترین کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب مٰیں انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالا تو ہمیں دہشت گردی، توانائی بحران اور معیشت کے مسائل کا سامنا تھا۔ ملک کو ان بحرانوں سے نکالنے کے لیے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے مخلصانہ کوششیں کیں۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے ملکی معیشت میں بہتری کے لیے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو ووٹ اور مینڈیٹ دیا۔